Live Updates

پی ٹی آئی میں لوگوں کی شمولیت نے سیاسی بیروزگاروں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیاہے،محب اللہ خان

اپوزیشن اورپی ڈی ایم کیساتھ عوام کی فلاح وبہبود کا کوئی پروگرام نہیں ہے ، پی ڈی ایم سیاسی بیروزگاروں کاایک ٹولہ ہے جو ذاتی مفادات کے حصول کیلئے مصروف عمل ہے، وزیرزراعت خیبرپختونخوا

اتوار 28 نومبر 2021 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) خیبرپختونخوا کے وزیرزراعت لائیوسٹاک وفشریز محب اللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں لوگوں کی شمولیت نے سیاسی بیروزگاروں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیاہے اپوزیشن اورپی ڈی ایم کیساتھ عوام کی فلاح وبہبود کا کوئی پروگرام نہیں ہے ، پی ڈی ایم سیاسی بیروزگاروں کاایک ٹولہ ہے جو ذاتی مفادات کے حصول کیلئے مصروف عمل ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے عوام کاپیسہ عوام پرخرچ کرنے کویقینی بنادیاہے تحریک انصاف میں لوگوں کی دھڑادھڑ شمولیت ہی اپوزیشن اورپی ڈی ایم کیلئے عوامی نفرت کااظہارہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سوات کے علاقہ یونین کونسل ارکوٹ سیج بنڑ مٹہ میں ایک شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرعوامی نیشنل پارٹی اور دیگرجماعتوں سے تعلق رکھنے والوں ظاہر الدین عرف لالاخان سیجبنڑ، لیاقت علی خان، علی خان، عبدالخالق ، شریف خان ، عبداللہ خان، سمیع الحق ، رحمت اللہ ، انواراللہ خان، سلیمان خان ، محمد اکمل خان، محمدسعیدخان ، خورشیدخان نے اپنے خاندانوں اورسیکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کرتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت اورصوبائی وزیرمحب اللہ خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہارکیا۔

(جاری ہے)

شمولیتی جلسہ سے دیگرمقررین نے بھی خطا ب کیا۔ محب اللہ خان نے نئے شامل ہونیوالوں کو پارٹی کی ٹوپیاں پہنائیں اورانہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پرلوگوں نے توجہ مرکوز کررکھی ہے اورلوگوں کی تحریک انصاف میں شمولیت اس بات کی غمازی کرتاہے کہ عوام موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اورپی ڈی ایم کیساتھ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی پروگرام نہیں ہے بلکہ سیاسی بیروزگاروں کاایک ٹولہ ہے جوذاتی مفادات کے حصول کیلئے مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ترقی اورخوشحالی کایہ سفرجاری رہیگا، عوام کاپیسہ عوام پر خرچ کیاجارہاہے اوروزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے انہوں نے کہا کہ بلاتفریق عوامی خدمت ہی تحریک انصاف حکومت کاایجنڈا اور میرامشن ہے ،علاقے میں ترقیاتی انقلاب برپاکرکے لوگوں کے مسائل اورمشکلات حل کرنے پرتوجہ دی جارہی ہے، وزیراعظم عمران اور وزیر اعلیٰ محمودخان کامقابلہ کرنا اپوزیشن جماعتوں کے بس کی بات نہیں ہے ، عوام تحریک انصاف اورعمران خان کیساتھ ہیں، حکومت کے خلاف اپوزیشن کی تحریک کوعوام نے پہلی ہی سے مستردکردیاہے اپوزیشن لوگوں کوسڑکوں پرلانے میں مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے، عوامی مسائل کاحل ہی عمران خان اورتحریک انصاف کے پاس ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ تسلسل کے ساتھ تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اوروزیراعلیٰ محمودخان نے عوامی خدمت کاتہیہ کررکھاہے ، انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ترقی اورخوشحالی کایہ سفر جاری رہیگا، اپوزیشن جماعتوں کو ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے اسلئے وہ ترقی کی مخالفت کررہے ہیں ان ترقی دشمن لوگوں کوترقی کے سفرمیں رکاوٹ بننے کی کبھی بھی اجازت نہیں دی جائیگی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات