ویسٹ انڈیز سیریز،پی سی بی نے پروڈکشن ٹیم پاکستان لانے کیلئے بڑا پلان بنالیا

افریقی عملہ 9، 10 دسمبر کے درمیان براستہ دبئی کراچی پہنچے گا،ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ کرایا جائیگا،عملے میں شامل افراد کو3 روزہ قرنطینہ بھی کرنا ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 4 دسمبر 2021 17:03

ویسٹ انڈیز سیریز،پی سی بی نے پروڈکشن ٹیم پاکستان لانے کیلئے بڑا پلان ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 دسمبر 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے پرڈوکشن ٹیم کو پاکستان لانے کے لئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حال ہی میں دریافت اومیکرون وائرس کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کا معاملہ کھٹائی میں پڑنے سے قبل پی سی بی کا بڑا اقدام کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لئے پروڈکشن ٹیم کو جنوبی افریقا سے آنا تھا، مگر نئے کرونا وائرس کے باعث جنوبی افریقا سے پاکستان آنے والے افراد پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے افریقی عملے کو پاکستان لانے کا معاملہ حل کرلیا ہے اور اب افریقی عملہ 9 سے 10 دسمبر کے درمیان براستہ دبئی کراچی پہنچے گا، جہاں تمام افراد کا ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق عملے میں شامل افراد کو تین دن کا قرنطینہ بھی کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین سیریز کا آغاز 13 دسمبر سے ہوگا جو 22 دسمبر تک جاری رہے گی۔