محبوبہ مفتی کی قیادت میں نئی دہلی میں احتجاجی دھرنا

جموں و کشمیر میں آر ایس ایس کی ہندوتوا پالیسی ناقابل قبول ہے‘محبوبہ مفتی

پیر 6 دسمبر 2021 17:11

محبوبہ مفتی کی قیادت میں نئی دہلی میں احتجاجی دھرنا
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں احتجاجی دھرنا دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پی ڈی پی رہنما نے پارٹی ارکان کے ساتھ نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی اور کشمیریوں کا قتل عام روکنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زوردیا۔احتجاج کے دوران ’’کشمیر کا تنازعہ حل کرو‘‘، ’’دفعہ 370 اور 35A کو بحال کرو‘‘، ’’کشمیر میں خونریزی بند کرو‘‘ اور ’’بے گناہ کشمیریوں کا قتل بند کرو ‘‘جیسے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔محبوبہ مفتی نے مودی حکومت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرے اور جموں و کشمیر میں دفعہ 370 اور 35A کو جلد از جلد بحال کرے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں آر ایس ایس کی ہندوتوا پالیسی ناقابل قبول ہے۔