Live Updates

انتخابات میں تحریک انصاف کا ایک بڑا وعدہ فور جی سروس شروع کرنا بھی تھا، جسے 100 دنوں سے بھی کم وقت میں پورا کیا گیا‘محسن علی اعوان

منگل 7 دسمبر 2021 13:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) ڈائریکٹر جنرل سیاسی امور ہمراہ وزیراعظم آزادکشمیر محسن علی اعوان نے اپنے آفس میں مصروف دن گزارا، عوامی مسائل سنے اور احکامات صادر کیے، عوام کی جانب سے پیش کردہ مسائل کو حل کروانے کے لیے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں تحریک انصاف کا ایک بڑا وعدہ فور جی سروس شروع کرنا بھی تھا، جسے 100 دنوں سے بھی کم وقت میں پورا کیا گیا، 4 جی سپیکٹرم کی نیلامی کے بعد اب 4 جی سروس شروع ہوچکی۔

تحریک انصاف نے اپنے منشور میں خواتین کے تحفظ کا بھی وعدہ کیا جوکہ قلیل مدت میں وفا کر دیا گیا، خواتین کے تحفظ کے لیئے خصوصی طور پر خواتین کے پولیس اسٹیشن کا افتتاح کیا گیا ہے۔محسن علی اعوان نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے پارٹی منشور کے عین مطابق اورسیز کشمیری عوام کو بھی ووٹ کا حق دلوانے کا وعدہ پورا کر دیا آئندہ انتخابات میں اورسیز کشمیری عوام کو بھی ووٹ کا حق حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

حکومت نے برسوں سے نظر انداز ہونے والے پاور پروجیکٹ پر کام شروع کیا جن میں انتہائی اہم 40 میگاواٹ کے نگدر ہائیڈل پاور پروجیکٹ اور 35 دواریاں ہائیڈل منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر تکمیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ ریاست آزاد جموں وکشمیر جس کا شمار چند خوبصورت ترین خطوں میں ہوتا ہے، وہ پچھلے دس سال میں کوڑے کا ڈھیر بنتی جارہی تھی، اقتدار میں آتے ہی وزیراعظم آزاد کشمیر نے پوری ریاست میں صفائی مہم کا آغاز کیا جس کی بدولت ناصرف ریاست بھر سے کوڑا صاف کیا گیا بلکہ کئی جگہوں پر نئے درخت بھی لگائے گے۔

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لیے انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد اور جموں وکشمیر ہاؤس اسلام آباد میں نوجوانوں کے لیے دفاتر قائم کیئے۔وزیراعظم عمران خان کے نظریہ کے مطابق کشمیر کو بھی ڈیجیٹل کشمیر بنانے کے لیئے کوشش کی جاری ہیں، جس کا پہلا قدم 4 جی سروس کا آغاز تھا جوکہ کیا جا چکا ہے، اور مزید بھی ڈجیٹلازیشن کی جانب تیزی سے کام جارہی ہے۔کئی مقامات جہاں کی سڑکیں برسوں سے خراب تھی، ان پر تعمیراتی کام کا اجراء کیا گیا وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں آزادکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت عوام کے مسائل عوام کی دہلیز پر حل کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات