آزادکشمیر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن تحصیل عباسپور کی نو منتخب عہدیداران کی حلف بردار ی تقریب

بدھ 8 دسمبر 2021 22:59

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2021ء) آزادکشمیر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن تحصیل عباسپور کی نو منتخب عہدیداران کی حلف بردار ی کی تقریب پائلٹ ہائی سکول عباسپور میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی تھے ۔تقریب میں کمشنر پونچھ ڈوثیرن انصر یعقوب ، ڈپٹی کمشنر پونچھ ، ڈوثیرنل ڈائریکٹر نسواں پونچھ ، ایس ایس پی راولاکوٹ ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں راولاکوٹ ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ راولاکوٹ ، سابق مرکزی صدر ٹیچرز آرگنائزیشن سردار عارف شاہین ، سابق مرکزی صدارتی امیدوار سردار شفقت حیات ، ضلع پونچھ کے نو منتخب صدر سردار مجید سردار کے علاوہ نو منتخب ضلع کے عہدیداران ، سب ڈوثیرن عباسپور کے معلمین اور معلمات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تقریب میں سپاس نامہ میں ا ساتذہ کے تسلیم شدہ مطالبہ اپ گریڈیشن بی 14، بی 16اور بی17کو پیش کیاگیا اور ساتھ سنیئر ترقیابیوں اور سلیکشن بورڈ کے معاملات جو عرصہ سے التواء کا شکار ہیں بھرپور انداز میں اٹھایاگیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بالخصوص صدارتی مرکزی امیدوار سردار شفقت حیات نے کہا کہ سابق مرکزی صدر سردار عارف شاہین کی قیادت میں سابقہ حکومت نے ٹیچرز کے اپ گریڈیشن کو 2018میں تسلیم کر کے سمری مالیات کو ارسال کی لیکن سردار عارف شاہین کی ریٹائرمنٹ کے بعد حکومت اپنے وعدہ سے منحرف ہو گئی اور نوٹیفکیشن جاری نہیں کیاگیا ۔

لیکن کرسی پینل کو مرکزی آرگنائزیشن میں صرف ڈیڑھ سال کا عرصہ ملا جس میں انہوں نے اپ گریڈیشن کے معاملات کو تسلیم کروایا اور عرصہ پانچ سال سے رکے ہوئے سلیکشن بورڈ جاری کروائے جس کے نتیجہ میں پرنسپل ، صدر معلمین اور اساتذہ کی ترقیابیاں عمل میں لائی گئیں اور دوسری طرف موجودہ نو منتخب صدر نے ایک غیر قانونی غیر آئینی ہڑتال کر کے اساتذہ پر تشدد کروایا اور کسی بھی حکومتی ذمہ دار نے ان سے مذاکرات نہیں کیے لیکن اساتذہ فیصلہ پر حیرانگی ہوئی ہے جنہوں نے اپ گریڈیشن کو تسلیم کروایا انہیں ووٹ دینے کے بجائے ایسے پینل کو ووٹ دیئے جنہوں نے اساتذہ کی تذلیل کروائی ۔

سردار شفقت حیات نے وزیرا عظم سے مطالبہ کیا کہ سپاس نامہ کے مطابق اپ گریڈیشن جاری کی جائے جو ٹائم اسکیل 2005کے ایلیمنٹری ٹیچر کا متاثر ہورہا ہے اس کو بھی درست کیاجائے اور این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہونے والے اساتذہ اور ایلیمنٹری ٹیچر کے جملہ معاملات ڈوثیرن کی سطح پر فوری طو رپر منتقل کیاجائے ۔ ان اختیارات کو واپس لانے کیلئے حکومتی نوٹیفکیشن کی ضرورت ہے اور ساتھ ہی سنیئر ٹیچر ز کے ڈائریکٹ کوٹے کو ختم کرتے ہوئے ایک سو فیصد تحت سنیارٹی پروموشن جاری کی جائے تاکہ چور دروازہ مستقل طور پر بند ہوسکے ۔

پانچ سال ایڈہاک تقرریاں کر کے آخر میں ایک ایکٹ کے تحت انہیں مستقل کیاجاتا ہے ۔ تقریب سے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام سے میری گزارش ہے کہ وہ دیانت داری سے اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں چونکہ ان کے پاس ہر شعبہ زندگی سے بچے آتے ہیں ، عوام کا اعتماد بحال کریں ۔ حکومت کوشش کرے گی کہ اساتذہ کے جملہ مسائل حل کیے جائیںگے۔

اساتذہ کے مسائل کو یکسو کیاجائے گا ، اس کیلئے وزیراعظم ، سیکرٹری تعلیم ، سیکرٹری مالیات کو ہد ایات جاری کی جائیں گی کہ وہ اساتذہ کے نمائندگان سے مل بیٹھ کر آپ کی مشاورت سے معاملات حل کریں اور جو معاملات میرے ذمہ ہوں گے میرا اساتذہ سے وعدہ ہے کہ آپ کی ہر ممکن حد تک مدد کی جائے گی ۔ تقریب سے مرکزی صدر سردار عارف شاہین ، نو منتخب صدر ضلع پونچھ سردار مجید سردار ، سابق تحصیل صدر عباسپور اور صدر تقریب سردار محمد شیراز خان ، نو منتخب تحصیل صدر سردار زاہد محمو د خان، ضلعی جنرل سیکرٹری سردار ارشد محمود، اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔