متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کا جمعیت علماء اسلام کے مرکز جامعہ مدنیہ اسلامیہ کا دورہ

ایم کیوایم کے وفد نے 11 دسمبر کو کراچی کے مسائل پر ان کی میزبانی میں منعقد ہونے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے جے یوآئی قائدین کو دعوت نامہ پیش کیا

بدھ 8 دسمبر 2021 23:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2021ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر کنورنوید جمیل کی قیادت میں ایم کیو ایم کے وفد نے جمعیت علماء اسلام کے مرکز جامعہ مدنیہ اسلامیہ کا دورہ کیا ، جے یوآئی کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت میں جے یوآئی رہنماؤں نے وفد کو خوش آمدید کہا ، ایم کیوایم کے وفد نے 11 دسمبر کو کراچی کے مسائل پر ان کی میزبانی میں منعقد ہونے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے جے یوآئی قائدین کو دعوت نامہ پیش کیا۔

اس موقع پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالوسیم، جبکہ جے یوآئی کے صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد، مولانا محمد غیاث ، قاری محمد عثمان، مولانا سمیع الحق سواتی، مولانا امین اللہ، شرف الدین اندھڑ ، مولانا فتح اللہ، مولانا احسان اللہ ٹکروی ،مولانا عمرصادق ، مولانا نورالحق، مفتی عبدالحق عثمانی، مولانا عبدالرشید نعمانی، مفتی محمد خالد ، سید اکبر شاہ ہاشمی ، مولانا حماداللہ شاہ، مولانا زرین شاہ، بابر قمر عالم ودیگر بھی موجودتھے، بعد ازاں مشترکہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا راشد محمود سومرو اور کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم بلدیاتی حکومتوں کو مضبوط کرنے کی بات کرتی ہے جبکہ پیپلز پارٹی اسی ترمیم کی داعی ہے یہ دوغلی پالیسی ہے کہ بلدیاتی نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا جائے پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کو بنیادی حقوق دے،ایم کیو ایم کی آل پارٹیزکانفرنس میں شرکت پر جے یوآئی مشاورت کرے گی،سندھ حکومت کے ہرغلط قدم پرمیدان میں کھڑے ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کابل اٹھارہویں ترمیم سے متصادم ہے،سندھ حکومت نے بل میں کئی اختیارات چھین لئے ،سندھ حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ قبل ازیں جے یوآئی کی صوبائی مجلس عاملہ کے اراکین اور کراچی کے اضلاع کے امرائ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ عوام کا جینا دوبھر ہوچکا ہے ، ہمیں عوام کے دکھوں کا مداوا کرنا ہوگا ، بلدیاتی انتخابات میں شرکت کریں گے اور کوئی حلقہ خالی نہیں چھوڑیں گے، حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کو گروی رکھوا دیا ہے موجودہ حکمرانوں کا مزید تسلط ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے ان عوام دشمن حکمرانوں سے ہر صورت کی جان چھڑانی ہوگی