استعفوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، پاکستان پیپلز پارٹی اس وقت ڈیل کر رہی ہے

سینئیر صحافی و تجزیہ کار ہارون الرشید نے تفصٰلات سے آگاہ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 11 دسمبر 2021 12:47

استعفوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، پاکستان پیپلز پارٹی اس وقت ڈیل کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2021ء) : سینئیر صحافی و تجزیہ کار ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی ڈیل کر رہی ہے۔ نجی ٹی وی چینل 92 نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا کہ یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ اپوزیشن مارچ کے مہینے تک متحد رہ سکے۔ مولانا فضل الرحمان مستعفی ہونے کی دھمکی تک دے چکے ہیں لیکن استعفوں کا بھی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی الگ ڈیل کر رہی ہے۔ ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ لاہور کے انتخاب میں تیس ہزار ووٹ مل گئے تو اب بلدیاتی انتخابات کے لیے آصف علی زرداری نے خیالی جنت بسا لی ہے جبکہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے بڑی پارٹی آج بھی مسلم لیگ ن کی ہے ، اس کے جیتنے کے چانسز سب سے زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ آئندہ کچھ دنوں میں اپوزیشن کے آپسی اختلافات اتنے زیادہ ہو جائیں گے کہ لوگوں کو حیرت ہو گی۔ کونسا لانگ مارچ اور کون سا اتحاد ؟ جب ان کا آپس میں باہمی اعتماد ہی نہیں ہے ، یہ صرف ایک دوسرے کو دھوکہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایاز صادق نواز شریف کو منانے کے لیے لندن گئے اور کہا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم بنا دیں اور بیٹی کو پیچھے ہٹا لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اسٹاک ایکسچینج گر رہی ہے، اگلے سال 32 بلین ڈالر درکار ہوں گے۔ قرضے بھی واپس کرنے ہیں ، یہ پیسے کہاں سے آئیں گے۔ اس کے لیے قرض لیں گے ، تو ترکی والی صورتحال ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی نے توقع سے زیادہ ووٹ حاصل کیے جس کے بعد پیپلز پارٹی نے پنجاب میں قدم جمانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔