وفاقی وزیر شبلی فراز کی گاڑی پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کر دی

نامعلوم افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، ، گارڈز ور ڈرائیور زخمی ، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 19 دسمبر 2021 19:11

وفاقی وزیر شبلی فراز کی گاڑی پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کر دی
درہ آدم خیل(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 19دسمبر 2021) وفاقی وزیر شبلی فراز کی گاڑی پر فائرنگ، نامعلوم افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، ، گارڈز ور ڈرائیور زخمی ۔ تفصیلات کے مطابق درہ آدم خیل کے مقام پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کی گاڑی پر فائرنگ کردی تاہم خوش قمستی سے وہ حملے میں محفوظ رہے۔وفاقی وزیر شبلی فراز آبائی علاقے کوہاٹ سے پشاور آرہے تھے کہ درہ آدم خیل کے مقام پرنامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔

حملے میں وفاقی وزیر محفوظ رہے تاہم ان کے گارڈ اور ڈرائیور زخمی ہوگئے جبکہ مقامی پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
نامعلوم افراد کی فائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا تھاکہ الحمداللہ محفوظ ہوں مگر ڈرائیور زخمی ہے، ڈرائیور کو علاج کیلئے پشاور منتقل کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا کہ اطلاعات ہیں کہ وفاقی وزیر شبلی فراز پر کوہاٹ جاتے ہوئے درہ آدم خیل کے مقام پر فائرنگ کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ اللہ کا شکر ہے وہ حملے میں محفوظ رہے لیکن بدقسمتی سے ڈرائیور شدید زخمی ہے جن کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اسی طرح وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ، چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختونخواہ سے فائرنگ واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے فائرنگ واقعے میں زخمی ہونے والے شبلی فراز کے ڈرائیور اور گارڈ کی جلدصحتیابی کے لئے دعا بھی کی۔