بلدیات متحرک کیے بغیر جمہوری عمل کے ثمرات کا حاصل ناممکن ہے‘ڈاکٹر نسیم اسلم شاہین

جمعرات 13 جنوری 2022 15:40

سماہنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2022ء) پی ٹی آئی حلقہ 6سماہنی کے متحرک راہنماء نوجوان سیاسی وسماجی شخصیت ڈاکٹر نسیم اسلم شاہین نے کہاہے کہ بلدیات متحرک کیے بغیر جمہوری عمل کے ثمرات کا حاصل ناممکن ہے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات وقت کی عین ضرورت ہیں تاکہ ریاست کے عوام علاقائی نمائندوں کو چن کر خطہ کے اندر حقیقی جمہوریت کی داغ بیل ڈال سکیں،قدرتی وسائل سے مالا مال 45لاکھ سے زائد آبادی کے خطہ آزاد کشمیر میں اگر حقیقی جمہویت ہوتی تو یہاں کے رنگ ڈھنگ کچھ اور ہوتے۔

بڑے پیمانے پر پن بجلی پیدا کرنے والی ریاست جس کی بجلی کی ضروت صرف 350میگا والٹ ہے وہ خطہ بدترین لوڈ شیڈنگ کا شکار نہ ہوتا،ٹورازم اورسیاحت کے فوائد برائے راست عوام کو پہنچتے ہیں سو علاقائی نمائندے ہی اپنے اپنے علاقہ کے مسائل اور وسائل کی روشنی میں اپنے علاقوں کو آگے لے جانے کی پالیسیاں مرتب کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاق اور آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت سے عوام توقع رکھتے ہیں کہ یہ حکومت آزاد کشمیر میں زنگ لگے بلدیاتی نظام کو نئی روح پھونکنے کے لیے فوری طورپر بلدیاتی انتخاب کروائے گی۔

بلدیاتی نظام کا نفاذ ریاستی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی راہ میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا باشعور تعلیم یافتہ مثبت و تعمیری سوچ کے حامل نوجوان طبقہ کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا موقع میسر آئے گا۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر نسیم اسلم شاہین نے گزشتہ روز کشمیر پریس کلب سماہنی کے صحافیوں سے خصوصی ٹیلفونک گفتگو کرتے ہوے متوقع بلدیاتی انتخابات سے متعلق مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوے کیا۔

کنٹرول لائین پر واقع یونین کونسل کھمباہ کے حوالے سے سوالوں کا جواب دیتے ہوے انھوں نے کہا کہ یونین کونسل کھبماہ میری آبائی یونین کونسل ہے جہاں کے عوام نے میرے والد صاحب کو کامیاب کروا کر خدمت کا موقع دیاتھا۔انشاء اللہ بلدیاتی انتخابات کی صورت یونین کونسل کھمباہ سے متعلق منتخب ممبر اسمبلی ووزیر مال چوہدری علی شان سونی کی مشاورت سے اہم فیصلے ہوں گے اور بلدیاتی اتنخابات میں پی ٹی آئی کو ویسی ہی کامیابیاں ملیں گی جیسی 2021کے انتخابات میں ملی۔