جموں کشمیر سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم کی جانب سے بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا

بدھ 26 جنوری 2022 17:24

مظفرآباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جنوری 2022ء) جموں کشمیر سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم کی جانب سے بھارت کا یوم جمہوریہ یونیورسٹی آف آذاد جموں اینڈ کشمیر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا،اس موقع پر احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا ۔احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے جموں وکشمیر سٹوڈنٹ یوتھ فورم کے سینئر رہنماء اقبال خان نے کہا کہ 26 جنوری بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ کشمیری دنیا بھر سمیت آزادکشمیر بھر میں یوم سیاہ کے طورپرمنایا  گیا اورجموں وکشمیر سٹوڈنٹ یوتھ فورم کے زیر اہتمام مظاہرہ کیا گیا۔

انہوں نے  کہا کہ مقبوضہ کشمیر 5اگست2019کے بعد فوجی چھاونی میں تبدیل ہو چکا ہے۔  بھارت  کا 5اگست کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کوبری طرح پامال کیا۔

(جاری ہے)

  انہوں نے کہا کہ بھارت  انسانیت کا قاتل ہے ، بھارت کی جمہوریت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سب سے بڑا فراڈ ہے۔جمہوریت کا دعویدار بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ  بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ ہمارے لیے یوم سیاہ ہے۔بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔گزشتہ سات دھائیوں سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر جمہوری طریقہ کار اپناتے ہوئے ظلم و جبر کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں رائج کالے قوانین صریحاً جمہوری اقدار کیخلاف ہیں۔ 5اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جو ہوا کیا وہ جمہوری ملک کرتاہے،تحریک آزادی کشمیر ایشیاکے امن کی تحریک ہے۔