Live Updates

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں،الطاف شکور

بلاول، عمران خان کے دورہ روس کی تائید کرکے مغربی طاقتوں کو بلیک میل کر رہے ہیں،صدر پاسبان

جمعہ 20 مئی 2022 22:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو عمران خان کے روس جانے کی تائید کرکے مغربی طاقتوں کو بلیک میل کر رہے ہیں۔بلاول اگلے الیکشن میں خود کو وزیراعظم دیکھ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ دونوں اگلے پانچ سال کے لئے اپنی حکومت مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

اس کے لئے اگر انہیں امریکہ کے تلوے چاٹنے پڑے تو وہ اس کے لئے بھی تیار ہیں۔" بھکاریوں کا کوئی اختیار نہیں ہوتا "کا نعرہ لگا کر شہباز شریف نے امریکہ کو یہ تاثر دیا ہے کہ ہم بلا کسی شرط کے آپ کے تابعدار ہیں اور رہیں گے۔ ادھر بلاول بھٹو نے امریکہ میں یہ بیان دے کر کہ عمران خان نے روس جا کر صحیح کام کیا ہے تو یہ دراصل امریکہ کو کھلی دھمکی ہے۔

(جاری ہے)

وہ امریکہ کو بلیک میل کر رہا ہے کہ فوج کے کہنے پر عمران خان روس گیا۔ اگر امریکہ نے بلاول کے سر پر ہاتھ نہیں رکھا تو اسے مجبوراً اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کرنی پڑے گی جو روس کے ساتھ ہے۔ عمران خان پاکستان کے ساتھ ڈبل گیم کھیل رہے ہیں۔ ایک طرف وہ کہتے ہیں کہ ان کی امریکہ سے کوئی دشمنی نہیں ہے تو دوسری طرف یہ بھی کہتے ہیں کہ امریکہ نے ان کے خلاف سازش کی ہے۔

یہ دو متضاد باتیں کیسے یکجا ہو گئیں عمران خان رینڈ کارپوریشن کی ریسرچ کے مطابق امریکہ مخالف بیانیہ استعمال کرکے عوام میں مقبول ہو رہے ہیں۔ بہت ممکن ہے کہ انتخابات کے موقع پر ان پر ناکام قاتلانہ حملہ بھی کروایا جائے تاکہ وہ دو تہائی اکثریت لے سکیں۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ عوام کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔

عمران خان کے سرپر مغربی طاقتوں کا ہاتھ ہے۔ صورتحال کی نزاکت دیکھ کر انہیں حکومت چھوڑ دینے کا اشارہ کیا گیا تاکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی گہری قبریں کھودی جا سکیں۔ پاکستانی عوام جاگیر داروں کے غلام ہیں جب کہ جاگیر دار پشتوں سے مغرب کے غلام ہیں۔ " ہم کوئی غلام ہیں "ایک پر فریب نعرے کے سواء کچھ بھی نہیں ہے۔بگ تھری امریکہ کی چاکری میں فخر محسوس کرتے ہیں۔

اقتدار کے بھوکے حکمران عوام کو سبز باغ دکھاکر اور سیاسی بلیک میلنگ کے ذریعہ اپنی حکومت مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہیں صرف اپنے بینک بیلینس بھرنے سے غرض ہے،عوامی مفادات سے کوئی غرض نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت بھی انتخابی اصلاحات اور قانون سازی کے بجائے بلیک میلنگ پر اتر آئی ہے۔ سیاستدانوں کی اکثریت مفاد پرست ہے۔ یہ اسمبلیوں میں عوامی نمائندگی کرنے کی بجائے اپنے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے آتے ہیں۔سیاستدانوں کو چاہیے کہ حکومتوں کو مزید مضبوط کرکے، آپس میں متحد ہو کر ملکی اور عوامی مفادات کے لیے کام کریں۔ملکی ترقی اور استحکام کے لیے جد جہد کریں تاکہ ہمارا ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہو سکے
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات