میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون ،حول قتل عام کے شہداء کی برسی ،مقبوضہ جموںوکشمیر میں مکمل ہڑتا ل

ہفتہ 21 مئی 2022 15:02

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2022ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور حول قتل عام کے شہداء کی برسی کے موقع پر ہفتہ کو مکمل ہڑتال رہی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے میرواعظ مولوی فاروق،خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کی برسی کی یاد میں دی ہے۔

ہڑتال مقصد کشمیری حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی مقبوضہ جموںوکشمیراور بھارت کی جہنم نما جیلوں میں غیر قانونی نظربندی کے خلاف احتجاج درج کرنا اور تحریک آزادی کے لیے ان کی گہری لگن اور وابستگی کے لیے انہیں خراج عقیدت پیش کرنا بھی ہے۔دریں اثنا، قابض بھارتی انتظامیہ نے لوگوں کو بھارت مخالف ریلیاں نکالنے اور شہداء کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے مزار شہداء عید گارہ سرینگر جانے سے روکنے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں سے کہا تھا کہ وہ بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں ریلیاں نکالیں اور تحریک آزادی کشمیر کے تمام شہداء کی فاتحہ خوانی کے لیے شہداء کے قبرستان جائیں۔نامعلوم مسلح افراد نے میر واعظ مولوی محمد فاروق کو 21مئی 1990کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا، اسی روز سرینگر کے علاقے حول میں بھارتی فوجیوں نے ان کے جنازے کے شرکاء پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 70 سوگواروں کو شہید کر دیا تھا۔12برس بعد 2002میں اسی دن نامعلوم مسلح افراد نے خواجہ عبدالغنی لون کو اس وقت شہید کردیاتھا جب وہ مزار شہداسرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد واپس لوٹ رہے تھے ۔