سرینگر میں 56پنڈت اساتذہ کا محفوظ علاقوں میں تبادلہ

اتوار 22 مئی 2022 13:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2022ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جہاں کشمیری پنڈت ملازمین وادی سے نقل مکانی کے لیے مظاہرے کررہے ہیں، محکمہ تعلیم نے کم از کم 56 کشمیری پنڈت اساتذہ کاسرینگر کے غیر محفوظ علاقوں سے محفوظ علاقوں میں تبادلہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر کے چیف ایجوکیشن آفیسر(سی ای او)نے کہا کہ اساتذہ اپنی نئی تعیناتی کی جگہ پر تنخواہیں لیں گے کیونکہ ان کی پوسٹ کوپرانے مقام سے نئی جگہ پر منتقل کیا گیا ہے۔

اساتذہ کا تبادلہ 12مئی کو وسطی کشمیر میں ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں نامعلوم افراد کی طرف سے ایک کشمیری پنڈت ملازم راہول بٹ کو اس کے دفتر کے اندر گولی مار کر قتل کرنے کے دس دن بعدکیاگیا ہے۔اس سے پہلے سرینگر میں سول لائنز کے علاقے لال منڈی سے مارچ کرتے ہوئے کمیونٹی کے 200سے 300مظاہرین نے دھرنا دیا اور ان کے مطالبات پر کان نہ دھرنے پر جموں و کشمیر انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔