Live Updates

پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطے میں امن کا ضامن ہے، محمد فاروق حیدر خان

یٹمی پروگرام نہ ہوتا تو صورت حال مختلف ہوتی، شہباز شریف اور اتحادی ملکی ترقی کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 28 مئی 2022 16:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) سابق وزیراعظم و سابق صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطے میں امن کا ضامن ہے، ہندوستان میں انتہا پسندوں کی حکومت ہے ایٹمی پروگرام نہ ہوتا تو صورت حال مختلف ہوتی، قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے اربوں ڈالرز کی پیش کش ٹھکرا دی لیکن قومی مفادات پر آنچ نہیں آنے دی ، پاکستان کے لیے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ان کی قیادت میں اتحادی رہنمادن رات محنت کررہے ہیں، قائد ن لیگ محمد نوازشریف نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا ، ملکی دفاعی اداروں پر فخر ہے اور ان کی تیاریوں پر مکمل بھروسہ ہے، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہونا کشمیریوں کی تحریک کو نفسیاتی طور پر تقویت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

وہ یہاں سینٹرل پریس کلب میں ایم ایس ایف این کے زیر اہتمام ''یوم تکبیر'' کی مرکزی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنمائوں۔ ایم ایس ایف این اور یوتھ ونگ کے عہدے داران سید مرتضی گیلانی، ڈاکٹر مصطفی بشیر، راجہ ابرار حسین ایڈووکیٹ، صدر سپریم کورٹ بار راجہ طارق بشیر،راجہ زین محمود،خواجہ اعظم رسول، آصف مصطفائی، چوہدری شفقت ، میر اورنگزیب، احسن منظور، فاروق قادری، اخلاق کیانی ایڈووکیٹ، راجہ ناصر لطیف ایڈووکیٹ، ایاز فرید ایڈووکیٹ، مہرعلی بخاری ایڈووکیٹ سردار وہاب، شفیق انقلابی، ارم قریشی شرافت خلیجی، صاحبزادہ سلیم چشتی،سمیع بابر، خرم دلبر، راجہ ایان، راجہ احسان راجہ موعیظ بلال، طلعت رئیس چشتی، طلال گیلانی، رویل چشتی، آصف ڈار، جمال چوہدری، توحید لون اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ ہم ایک ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک سے نظریاتی وابستگی رکھتے ہیں۔پاکستان کا ایٹمی دفاع مظلوم کشمیری قوم کی ذہنی اور فطری آزادی اور سرحدی دفاع کا ضامن ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں حکومت نام کی کوئی شہ نہیں جملہ کام ٹھپ ہیں ترقیاتی بجٹ کا کوئی پتہ نہیں، یاسین ملک پر قراردادیں اپوزیشن نے جمع کیں لیکن اجلاس ملتوی ہوگیا ہے، کشمیر میں ہندوستان کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے کہ کشمیریوں کو قتل کرے۔

انہوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت سے گزارش کرتا ہوں کہ اپوزیشن کو متحد رکھیں اور وقت آ گیا ہے کہ آزاد کشمیر سے بھی 25 جولائی کے انتخابات میں ایک ڈاکے کے نتیجے میں بننے والی خود ساختہ حکومت کو گھر بھیجا جائے ہم ہر قسم کی سیاسی معاونت کے لیے تیارہیں، آزاد کشمیر کے انتخابات میں آئین،الیکشن کمیشن کے رولز اورآزاد کشمیر کے لوگوں کے معاشرتی،سیاسی اور سماجی حقوق پر ڈاکہ مارا گیا۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ 25 مئی کو وزیراعظم آزاد کشمیر اور کابینہ کو اسلام آباد میں خوار ہونے کے بجاے چکوٹھی ہونا چاہیے تھا، اگر وہ وہاں ہوتے تو ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ان کی قیادت میں مظاہرہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتقامی تبادلہ جات عروج پر ہیں قلیوں تک کے دس دس تبادلے کر دیے گئے ہیں، اس حکومت کا سارا زور تبادلوں اور انتقامی کارروائیوں پر ہے، میرے حلقے میں ایک ایک ملازم کے مہینے میں کئی تبادلے ہوتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بیوروکریسی کو کہنا چاہتا ہوں کہ میں عمران خان کی زبان استعمال نہیں کرنا چاہتا، اگر سیاسی بنیادوں پر آپ بھی تبادلہ جات کی منظوری دینگے تو پھر آپ بھی شریک جرم ہونگے۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر کو اپنی عزت کا خیال رکھنا چاہیے انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ خرابی کہاں ہے، پولیس والوں کو سی بی آر دے دیا جاتا ہے کیا اس طرح حکومت چلتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیرویں ترمیم کو بچائیں ،یہاں کے تعمیر و ترقی کو جاری کریں ، وزیراعظم ابھی تک کابینہ کا اجلاس نہیں بلا سکے،وزیراعظم نے ابھی تک سرکاری محکمہ جات کی بریفنگ تک نہیں لی، ترقیاتی بجٹ کا بڑا حصہ لیپس ہوگیا، قسط تک جاری نہیں گئی کسی کو پروا تک نہیں۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ میں خود کسی عہدے کا امیدوار نہیں،5 سال ٹھوک بجا کر حکومت کی اب کوئی خواہش نہیں، زندگی آزادکشمیر کے لوگوں کی عزت ، حرمت اور وقار کے لیے مختص کردی ہے، ریاست کے لیے ضروری ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے آزادکشمیر حکومت کو بین الاقوامی سطح پر کردار دیا جائے اس سے قبل ایم ایس ایف این جامعہ کشمیر اور پوسٹ گریجویٹ کالج سے طلبا جلوس کی شکل میں پریس کلب پہنچے جبکہ تقریب آمد پر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات