خان پور میں دلخراش واقعہ پیش آنے کا انکشاف

درندہ صفت افراد کی نوکری کا جھانسہ دے کر غریب لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش، لڑکی نے اپنی عزت بچانے کیلئے تیزاب پی لیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 16 جون 2022 00:35

خان پور میں دلخراش واقعہ پیش آنے کا انکشاف
خان پور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 جون 2022ء) خان پور میں دلخراش واقعہ پیش آنے کا انکشاف، درندہ صفت افراد کی نوکری کا جھانسہ دے کر غریب لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش، لڑکی نے اپنی عزت بچانے کیلئے تیزاب پی لیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے خان پور میں معصوم غریب لڑکی نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے سے بچنے کیلئے تیزاب پی لیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق خان پور میں درندہ صفت ملزمان نے نوکری کا جھانسا دے کر غریب لڑکی سے زیادتی کی کوشش کی، تاہم لڑکی اپنی عزت بچانے کیلیے جان پر کھیل گئی اور تیزاب پی لیا۔ متاثرہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں ریسکیو ٹیم نے ہسپتال منتقل کیا ہے جہاں وہ تاحال زیر علاج ہے۔ ہسپتال میں متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ پیزا شاپ کے مالک، منیجر اور ان کے ایک اور ساتھی نے اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

تاہم اپنی عزت محفوظ رکھنے کیلئے جان دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیزاب پی لیا۔ واقعے کے بعد سے پولیس کی جانب سے ملزمان کیخلاف کسی قسم کا ایکشن لینے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ متاثرہ لڑکی کے والدین نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ دوسری جانب شیخوپورہ میں 13 سالہ بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے شخص کو سزائے موت سنا دی گئی۔

عدات نے ملزم کو اپنی13سال کی بیٹی سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر سزائےموت سنائی۔ مجرم کو 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا اور جرمانہ نہ دینے پر 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔ استغاثہ کے مطابق مجرم نے 21 جون 2021 کو گاؤں قانونگو میں اپنی 13سال کی بیٹی سے زیادتی کی تھی جس کے بعد بچی کی والدہ نے تھانہ ہاؤسنگ کالونی میں شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔