ذوالفقار مرزا کے 6 ساتھیوں کو عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا گیا

پیر 27 جون 2022 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2022ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے ذوالفقار مرزا کی6 ساتھیوں کوعدم شواہد کی بنا پر بری کر دیاہے۔پیرکوکراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کے چھ ساتھیوں کے خلاف 2 کیسز کا فیصلہ سنا دیا۔سابق وزیرداخلہ سندھ کے بری ہونے والے چھ ساتھیوں میں ملزم عاشق علی، عبد المجید، ہارون، نبی بخش، ریاض اور دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وکیل ملزمان اشرف سمو ایڈووکیٹ نے کہا کہ تمام گارڈز سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر ذوالفقار مرزا کی سیکیورٹی پر تعینات تھے۔انہوں نے کہاکہ اس واقعے سے متعلق سابق آئی جی سندھ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔پولیس کا موقف ہے کہ ملزمان کے خلاف پریڈی تھانے میں 2015 میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج تھے۔ ملزمان ذوالفقار مرزا کی سیکیورٹی پرمعمور تھے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ کار سرکار میں مداخلت کا الزام تھا۔ ملزمان کو ذوالفقار مرزا کی رہائش گاہ ڈیفنس فیز 8 سے گرفتار کیا گیا تھا۔