بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی راہنمائی میں آزادکشمیر حکومت در پیش تمام چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے، وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس

پیر 27 جون 2022 19:47

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2022ء) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمودچوہدری بڑے بھائی ہیں،ان کی راہنمائی میں حکومت آزادکشمیر ترقی اور خوشحالی کی طرف رواں دواں ہے۔مختلف وفود کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے اندر مکمل اتحاد،یکجہتی اور اتفاق رائے موجود ہے،یہی وجہ ہے کہ عام انتخابات کے بعد آزادکشمیر میں تحریک انصاف کا کوئی ووٹ جماعت سے باہر نہیں گیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی راہنمائی میں آزادکشمیر حکومت در پیش تمام چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔صدر ،وزیراعظم کے مابین مکمل ہم آہنگی ہے،اختلافات کے حوالے سے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے میں کوئی صداقت نہیں،بلکہ پیالی میں طوفان برپا کرنے کی کوشش کی گئی جسے ہمیشہ کی طرح ناکامی ہوگی۔

(جاری ہے)

مخصوص مقاصد کے حصول کے لیے سرگرم عناصر کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے اور اس جماعت کے اندر تمام فیصلے باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے ہوتے ہیں۔

وزیراعظم نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اپنا بڑا بھائی قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ تعلقات کار کو بہترین اور مثالی قرار دیا اور انہیں ریاست کا انتہائی سینئر سیاستدان اور صدر ریاست کے منصب پر فائز معتدل مزاج،دور اندیش اور صاحب بصیرت شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر ریاست کی راہنمائی میں تحریک انصاف کی حکومت کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اپنی بجٹ تقریر سے قبل صدر ریاست سے خصوصی ملاقات میں اہم معاملات پر ان سے راہنمائی حاصل کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ اتحاد،یکجہتی اور فکری ونظریاتی ہم آہنگی کے باعث الیکشن کے بعد تاحال حکومت آزادکشمیر کے اندر تمام معاملات باہمی اتفاق رائے سے چلانے میں کامیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی ،کابینہ اور حکومت کے اندر مشاورت،اتحاد ویکجہتی اور اتفاق رائے موجود ہے ،نامساعد حالات کے باوجود بجٹ بنانے سے پیش کرنے تک تمام معاملات میں پارلیمانی پارٹی کی سطح پر مشاورت کی گئی ہے اور بجٹ منظور ہونے کے بعد بھی مشاورت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

وزیراعظم آزادکشمیر کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری صدر آزادکشمیرکے ساتھ ہر سطح پر مکمل ہم آہنگی اور اتفاق رائے موجود ہے جسے سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیا ب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بات مد نظر رہنی چاہیے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اس وقت سب سے سینئر سیاستدان ہیں جنہیں آزادکشمیر کے تمام مکاتب فکر میں احترام کے ساتھ تائید وحمایت اور اعتماد حاصل ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری انتہائی زیرک ،دور اندیش اور معاملہ فہم انسان ہیں،ان کی راہنمائی حکومت آزادکشمیر کے لیے باعث صد افتخار عمل ہے۔اندرون وبیرون ملک تحریک آزادی کشمیر کے لیے بیر سٹر سلطان محمود چوہدری کا کردار تاریخی ہی نہیں بلکہ مثالی بھی ہے، آزادکشمیر کی موجودہ حکومت ان کی اور ان کے خاندان کی تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ غیر مشروط وابستگی اور آزادکشمیر کے عوامی حقوق کے لیے سیاسی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی راہنمائی اپنے لیے باعث فخر سمجھتی ہے۔