میرپور آزاد جموں کشمیر میں پاک فوج زندہ باد ریلی کا انعقاد،شرکاکے پاک فوج زندہ بادکے فلک شگاف نعرے

بدھ 29 جون 2022 23:48

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2022ء) میرپور آزاد جموں وکشمیر میں ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات میرپور کی قیادت میں پاک فوج زندہ باد ریلی کرکٹ اسٹیڈیم سے نکالی گئی ۔ پاک فوج زندہ باد ریلی کرکٹ اسٹیڈیم،میاں محمد روڈ،چوک شہیداں، علامہ اقبال روڈ نانگی سے ہوتی ہوئی ادارہ ترقیات کے کمپلیکس میں آکر اختتام پذیر ہوئی،ریلی میں سیاسی و سماجی، مذہبی جماعتوں، مختلف سرکاری ملازمین تنظیموں کے نمائندگان، وکلاء،کاروباری،حضرات، سول سوسائٹی اور نوجوان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

شرکا ریلی نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔شرکاریلی پاک فوج زندہ باد،شہدا افواج پاکستان زندہ باد، آزادکشمیر زندہ باد، پیار و محبت کے نشان اورملکی سرحدوں کے محافظوں کو ہمارا سلام،پاک فوج ہم تمہارے ساتھ ہیں، پاک فوج سے ہمیں پیار ہے،تحریک آزادی کشمیر زندہ باد کے فلک شگاف اور جذباتی نعرے لگارہے تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات چوہدری عمران خالد نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کی علامت ہے اور مسلح افواج پاکستان ایل او سی پر جس بہادری اور دلیری کے ساتھ ہمارا دفاع کر رہی ہے اس پر پوری کشمیری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاک فوج اور پاکستان کے لیے کشمیری کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔