شیخ عبدالعزیزکشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے حقیقی سپاہی تھے،رپورٹ

جمعرات 11 اگست 2022 21:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورجموںو کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین شیخ عبدالعزیزکشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ایک حقیقی سپاہی تھے جنہوں نے شہادت کو ترجیح دی لیکن بھارت کی فوجی طاقت کے سامنے کبھی سرنہیں جھکایا۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جمعرات کو شیخ عبدالعزیز کے 14ویںیوم شہادت کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ شیخ عزیز نے بھارتی تسلط سے جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے اپنی پوری زندگی وقف کررکھی تھی۔

رپورٹ میں کہاہے گیا کہ شہید رہنماجنہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ جیلوں میں گزارا، اپنی آخری سانس تک کشمیر کی آزادی کے لیے بے لوث جدوجہد کرتے رہے ۔

(جاری ہے)

شیخ عزیز جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے پرجوش حامی تھے۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ شیخ عزیز اور دیگر شہداء بھارت کے جابرانہ قبضے کے خلاف مزاحمت کی علامات ہیں۔ کشمیری شیخ عزیز جیسے اپنے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

کشمیری عوام دیگر تمام چیزوں پر اپنے شہداء کی قربانیوں کو فوقیت دیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کشمیری جانتے ہیںکہ شیخ عزیز کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بھارتی تسلط سے آزادی تک ان کے مشن کو جاری رکھاجائے اور وہ اس مقصد کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔بھارتی فورسز نے شیخ عبدالعزیز کو 11 اگست 2008 کو شہید کیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہاپسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی اقتصادی ناکہ بندی کے خلاف سرینگر سے مظفرآباد کی طرف ایک بڑے مارچ کی قیادت کررہے تھے۔