بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، ایک دن میں 3 کشمیری نوجوان شہید

بدھ 28 ستمبر 2022 21:30

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 ستمبر2022ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں 24 گھنٹوں میں تین کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام کے ایک گاوں میں گزشتہ روز سے نام نہاد سرچ آپریشن جاری ہے جس کی آڑ میں تین کشمیر ی نوجوانوں کو شہید کیا گیا ہے۔سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔

خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور بزرگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔اس دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا جو گزشتہ روز دم توڑ گیا تھا جب کہ ایک اور نوجوان کو بھی فائرنگ کر کے شہید کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس طرح صرف 24 گھنٹوں میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والوں کشمیری نوجوانوں کی تعداد 3 ہوگئی۔

بھارتی فوج نے نوجوانوں کی لاشیں لواحقین کو دینے سے انکار کردیا۔ والدین اپنے پیاروں کی لاشوں کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔واضح رہے کہ اسی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بھارتی پیراملٹری فورس کے دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی تھی۔