کراچی پولیس کو انتہائی مطلوب لیاری گینگ وار کمانڈر گرفتار

جمعہ 21 اکتوبر 2022 22:30

کراچی پولیس کو انتہائی مطلوب لیاری گینگ وار کمانڈر گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2022ء) پاکستان رینجرزسندھ اورپولیس نے شہرقائد کے علاقے پرانا گولیمار میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشتگرد اور لیاری گینگ وار کمانڈر ساجد گولی کو گرفتار کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرزاور پولیس کی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کی۔ترجمان رینجرز نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کراچی پولیس کو انتہائی مطلوب لیاری گینگ وارکمانڈرساجد گولی کو گرفتار کرلیا گیا، دہشتگردی میں ملوث ساجدگولی کوپرانا گولیمار سے گرفتار کیا گیا۔

ترجمان نے بتایاکہ ملزم قتل،اقدام قتل،پولیس مقابلوں اورمنشیات فروشی میں بھی ملوث ہے، ملزم کا نام انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی ریڈبک میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے کہا کہ گرفتار ملزم ساجد گولی 15سے زائد ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، ساجدگولی2004 میں گینگ وارعبدالرحمان ڈکیت گروپ میں شامل ہوا اور 2009 میں لیاری گینگ وار کمانڈرعزیر بلوچ سے منسلک ہوگیا۔

رینجرز نے بتایا کہ ملزم عزیربلوچ کے کہنے پر امن کمیٹی میں شامل ہوااورگینگ وارکمانڈربنا، جس کے بعد ملزم 2016میں ارشدپپو گروپ میں شامل ہوگیا تھا۔ترجمان نے مزید کہا کہ ملزم کراچی آپریشن کے دوران بیرون ملک فرار ہو گیا تھا، ساجد گولی بیرون ملک سے اپنا نیٹ ورک چلاتا تھا اور حال ہی میں واپس آکراپنانیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔حکام نے بتایاکہ ملزم کیخلاف تھانہ پاک کالونی میں قتل،اقدام قتل کے مقدمات درج ہیں، پولیس مقابلے، دہشت گردی اورمنشیات فروشی کے بھی مقدمات درج ہیں ، اس لئے ملزم کوقانونی چارہ جوئی کیلیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔