Live Updates

آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت 27نومبر2022کو ہوں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس

جمعرات 3 نومبر 2022 23:06

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2022ء) آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت 27نومبر2022کو ہوں گے اور حکومت آزادکشمیر کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی فراہمی سمیت جملہ انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔اس بات کا فیصلہ وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد، وزیر خزانہ عبدالماجد خان، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید، پارلیمانی سیکرٹریز عاصم شریف اور جاوید بٹ، چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر امیر احمد شیخ، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن راجہ امجد پرویز اور کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعودالرحمان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے حکومت نے جملہ انتظامات مکمل کرلیے ہیں، بلدیاتی انتخابات کے التوا کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بلدیاتی انتخابات کے لیے سکیورٹی فورسز کا کوئی ایشو نہیں، سیکورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جس کو پورا کریں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ عمران خان کے ویژن اورپی ٹی آئی کے انتخابی منشور کوہر صورت عملی جامہ پہنائیں گے، 31سال بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا کریڈٹ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے، ماضی میں حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اعلانات کرتی رہیں لیکن پی ٹی آئی کی حکومت اس کو عملی جامہ پہنانے جارہی ہے، آزادکشمیر کے گزشتہ عام انتخابات کے دوران پی ٹی آئی نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کروا کر اقتدار نچلی سطح پر منتقل کریں گے اورتحریک انصاف کی حکومت عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریگی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے نظریے کی جیت ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات