وزیراعظم شہبازشریف سے نئےآرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ملاقات

وزیراعظم شہبازشریف نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 24 نومبر 2022 19:26

وزیراعظم شہبازشریف سے نئےآرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ملاقات
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 نومبر 2022ء) وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف سے نئے آرمی چیف جنرل حافظ سید عاصم منیر نے ملاقات کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف سے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو پاک فوج کا سپہ سالار تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف سے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت بھی کی گئی۔ اسی طرح افواج پاکستان کے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی ہے، جس میں وزیراعظم نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افواج پاکستان میں آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تقرریوں کیلئے وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے بھیجی گئی ایڈوائس پر دستخط کردیے ہیں۔ جس کے بعد جنرل حافظ سید عاصم منیر پاک فوج کے نئے آرمی چیف جبکہ جنرل ساحر شمشاد مرزا افواج پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات کردیے گئے ہیں۔

نئے آرمی چیف حافظ سید عاصم منیر 29 نومبر کو جی ایچ کیو میں کمان تبدیلی کی منعقدہ تقریب میں پاک فوج کی باقاعدہ کمان سنبھالیں گے۔ جبکہ موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے حکومتی اتحادیوں سے مشاورت کے بعد جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف مقرر کیا تھا۔ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اس کی تصدیق کی اور کہا کہ جنرل عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف جب کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات مقرر کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ اس بابت سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔ تاہم صدر مملکت کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد جنرل حافظ سید عاصم منیر نئے آرمی چیف بن گئے، جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات کردیا گیا ہے۔