وفاق پر چڑھائی کے غیر قانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے،رانا ثناء اللہ

چیف سیکرٹیز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم اس طرح کے منصوبے کا حصہ نہ بنے،وفاقی وزیر داخلہ

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 25 نومبر 2022 12:54

وفاق پر چڑھائی کے غیر قانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 25 نومبر 2022ء) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ وفاق پر چڑھائی کے غیر قانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے،چیف سیکرٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے منصوبے کا حصہ نہ بنے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کی زیرصدارت پی ٹی آئی لانگ مارچ اور امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا،وزیرمملکت داخلہ عبدالرحمان کانجو اور وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ آئی جی خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ اور چیف سیکریٹری نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں پی ٹی آئی دھرنے سے متعلق حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔شرکاء نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو پی ٹی آئی اجتماع اور سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ وفاق پر ممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وفاق پر چڑھائی کے غیرقانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔

وفاق اور اسکی اکائیاں مل کر کسی بھی غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں،چیف سیکریٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے منصوبے کا حصہ نہ بنے۔ واضح رہے کہ راولپنڈی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو فیض آباد پر جلسے کی اجازت دے دی،جبکہ دارالحکومت جانے والے کئی راستوں کو بند کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔تحریک انصاف کو فیض آباد کے قریب دھرنے کی اجازت سے متعلق راولپنڈی انتظامیہ نے 56 شرائط پر مشتمل اجازت نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ برطانیہ کی کرکٹ ٹیم سیریز کھیلنے کیلئے راولپنڈی پہنچ رہی ہے،عمراں خان اورانتظامیہ سکیورٹی اداروں کے طے شدہ راستے کواستعمال کریں گے اور جلسہ کرنے کے بعد جگہ کو مکمل طور پر خالی کر دیا جائے گا۔