Live Updates

رانا ثناء اللہ کی جھوٹ براڈ کاسٹنگ نان سٹاپ چلتی رہتی ،عوام کو دھمکیاں دینے کی بجائے تحفظ فراہم کریں،مسرت چیمہ

ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت کی قیادت میں لاہور کے حلقہ این اے 121 سے ہزاروں گاڑیوں کے قافلے کی راولپنڈی جلسہ میں شرکت

ہفتہ 26 نومبر 2022 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2022ء) ترجمان وزیر اعلیٰ و حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ اور رہنما تحریک انصاف جمشید اقبال چیمہ کی قیادت میں لاہور کے حلقہ این اے 121 سے ہزاروں گاڑیوں پر مشتمل قافلے نے راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کی۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا چیئرمین عمران خان چار گولیاں کھا کر بھی پر عزم ہیں۔ عمران خان واحد لیڈر ہے جو وفاق کی علامت ہے ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا اور کرائے کے تجزیہ کار چاہتے ہیں ہم پرانی باتیں بھول جائیں۔ انہو ںنے کہاکہ تحریک انصاف کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ دی جائے۔

(جاری ہے)

22 کروڑ عوام کا کیا قصور تھا جو ان پر کرپٹ حکومت مسلط کی گئی۔ انہوں نے کہا شہید ارشد شریف قوم کی جنگ لڑ رہا تھا اس کی شہادت مرتے دم تک نہیں بھولیں گے۔

حق اور سچ بات کرنے والوں کو ہم اب قتل نہیں ہونے دیں گے۔اس حکومت میں انکے بچے محفوظ ہیں جبکہ خطرہ ہمارے بچوں کو ہے۔ کرپٹ مافیا نے ملک کا ستیا ناس کر دیا ہے۔ آج کسان، مزدور اور صنعتکار رو رہا ہے۔ مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں اور یہ قبضہ مافیا لوگوں کے گھروں کو بھی نہیں چھوڑتا۔ آج عوام امپورٹڈ حکومت کو آخری موقع دے رہی ہے۔

امپورٹڈ حکومت سے کہنا چاہتی ہوں ہوش کے ناخن لیں اور انتخابات کی تاریخ دیں۔ ہم پاکستان میں میرٹ اور قانون کی بالا دستی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہمیں نہ اپنی مرضی کے ججز لگوانے ہیں نہ اداروں کے سربراہان، ہمیں اپنی مرضی کے ایمپائر نہیں چاہئیں۔ انہوں نے کہا یہ حکومت بیساکھیوں پر کھڑی ہے جو اب لڑکھڑا رہی ہے۔ الیکشن کی تاریخ کا علان ہونے کے بعد شفاف الیکشن کے طریقہ کار پر بات ہو گی۔

الیکشن کمیشن نے مردہ لوگوں کو بھی ووٹر لسٹوں میں زندہ کر دیا۔ مسرت جمشید نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی جھوٹ پر مبنی براڈ کاسٹنگ نان سٹاپ جاری رہتی ہے۔ رانا ثناء اللہ ملک کے وزیر داخلہ ہیں ان کا کام دھمکیاں لگانا نہیں ہے۔ عوام کو ڈرانے کی بجائے انہیں تحفظ فراہم کرنا وزیر داخلہ کی ذمہ داری ہے۔ کیا رانا ثنا اللہ کو وزیر داخلہ غنڈہ گردی کرنے کیلئے یا عوام کو خطرات کا بتانے کیلئے رکھا ہواہے۔

قوم اپنی اور اپنے لیڈر کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ اگر کسی قسم کا اوچھا ہتھکنڈا اختیار کیاگیا تو عوام ان کا محاسبہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مطالبات سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے چاہے کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے۔ رہنما تحریک انصاف جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ قانون کی بالا دستی کا آخری مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ جب تک امپورٹڈ حکومت انجام کو نہیں پہنچ جاتی یہ تحریک جاری رہے گی۔ ہر صورت انصاف لے کے رہیں گے، مٹی پاؤ پالیسی اب نہیں چلے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات