پیپلز پارٹی کاسیلابی تباہی کاریوں کے باعث 55یوم تاسیس ڈویژنل سطح پر منانے کا فیصلہ

منگل 29 نومبر 2022 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے سیلابی تباہی کاریوں اور عوامی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے 55واں یوم تاسیس ڈویژنل سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری نے تمام صوبائی تنظیموں بشمول گلگت بلتستان آزاد کشمیر کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ پارٹی کا 55واں یوم تاسیس صوبائی ہیڈکوارٹرز اور ڈویژنل سطح پر منایا جائے گا ۔

ممبران مجلس عاملہ تقریبات میں خصوصی شرکت کرینگے اور یوم تاسیس کے انعقاد بارے صوبائی تنظیموں کو رپورٹ پیش کرینگے ۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سیدنیئرحسین بخاری لاہور میں پیپلز پارٹی پنجاب کےزیراہتمام تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے ، سینٹرل سیکرٹریٹ اسلام آباد ، پشاور ، کوئٹہ ، کراچی ، مظفرآباد ، گلگت میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مرکزی قائدین اور صوبائی صدور خصوصی تقریبات میں شرکت کرینگے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں منعقد ہونے والے صوبائی صدور و عہدیداران کے اجلاس میں ضلعی شہری ڈویژنل تنظیموں کو تقریبات کے انعقاد میں شرکت کے لئے کہا گیا ہے ۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا 55 واں یوم تاسیس پیپلز پارٹی اور ملحقہ تنظیمیں ، لیبر بیورو ، پی ایس ایف ، پیپلز یوتھ اقلیتی ونگ اور شعبہ خواتین ملک بھرمیں سیاسی بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے جوش و جذبے سے منائیں گی۔