ڈاکٹر سیف الرحمان نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات،نوٹیفکیشن جاری

مرتضٰی وہاب کا بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی استعفٰی منظور کر لیا گیا،سیف الرحمان گریڈ 20 کے افسر اور گورنر سندھ کے پرنسپل سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 8 دسمبر 2022 16:49

ڈاکٹر سیف الرحمان نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات،نوٹیفکیشن جاری
کراچی (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر 2022ء) ایم کیو ایم کے تجویز کردہ گریڈ 20 کے افسر ڈاکٹر سیف الرحمان کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کر دیا گیا ہے،ڈاکٹر سیف الرحمان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا۔نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن سیکرٹری بلدیات نے جاری کیا۔مرتضٰی وہاب کا بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی استعفٰی منظور کر لیا گیا ہے۔

سیف الرحمان نے اس سے پہلے گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری کے فرائض سر انجام دئیے جبکہ وہ میونسپل کمشنر کے ایم سی بھی رہ چکے ہیں۔نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کیلئے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان میں اتفاق ہوا،پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کا مطالبہ مانتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کیلئے ڈاکٹر سیف الرحمان کا نام فائنل کیا اور اسی سلسلے میں وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن،وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ،وزیر محنت سعید غنی اور وزیر خوراک مکیش چاولہ بھی شریک ہوئے،اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کیلئے ایم کیو ایم کی جانب سے سیف الرحمان اور عبدالوسیم کے نام دئیے گئے، اور بلدیہ عظمٰی کراچی میں نیا ایڈمنسٹریٹر آج تعینات کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔سیاسی ایڈمنسٹریٹر کے طور پر رہنماء ایم کیو ایم عبد الوسیم کا نام بھی زیر غور تھا جبکہ سرکاری افسر کو ایڈمنسٹریٹر بنانے کی صورت میں ڈاکٹر سیف الرحمان کے انتخاب کا امکان ظاہر کیا گیا۔

ایم کیو ایم کے مطالبے پر ایک ضلعی میونسپل ایڈمنسٹریٹر کو بھی آج تبدیل کئے جانے کا امکان ہے،ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ میں ایم کیو ایم کا نامزد کردہ افسر ایڈمنسٹریٹر مقرر ہو گا۔ دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ایم کیو ایم چاہ رہی ہے کہ پی پی جو لوٹ رہی ہے اس میں سے کچھ انہیں بھی مل جائے۔ایک پارٹی کا ایڈمنسٹریٹر ہٹا کر دوسری پارٹی کا سیاسی ایڈمنسٹریٹر لگایا جا رہا ہے۔