Live Updates

عمران خان کو مفتا لگا ہوا ہے ، وہ پنجاب اور کے پی کے کی حکومت نہیں چھوڑیں گے ، شرجیل انعام میمن

5میٹرک ٹن گندم کا اسٹاک موجود ہے ، عوام کو مارچ تک سستے نرخوں پر آٹا فراہم کریں گے ،وزیر خوراک سندھ مکیش کمار چاولہ

جمعرات 8 دسمبر 2022 17:00

عمران خان کو مفتا لگا ہوا ہے ، وہ پنجاب اور کے پی کے کی حکومت نہیں چھوڑیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2022ء) صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کو مفتا لگا ہوا ہے ۔ جب سے ان کی پنجاب میں حکومت بنی ہے، بنی گالا ویران ہو گیا ہے ، عمران خان نے پنجاب میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں ، زمان پارک کا کھانا بھی پنجاب کے وزیر اعلی ہاس سے آتا ہے ، عمران خان آخری دم تک حکومت نہیں چھوڑیں گے ، انہوں نے کہا کہ ان کی ذاتی را ئے ہے کہ عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں نہیں توڑیں گے ۔

گوگیوں کے کہنے پر پنجاب کابینہ میں 15 ، 15 روز کے لئے وزرا اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے ٹارگٹ پورے کر سکیں۔ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایک طرف اسمبلیاں ختم کرنا چاہتے ہیں تو دوسری جانب کابینہ میں توسیع کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر خوراک ، ایکسائز و ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ کے ہمراہ سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی گھنور خان اسران بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کے دوران عمران خان اپنی حکومت بچانے کے لیے تمام حربے استعمال کئے۔ کبھی قومی اسمبلی کی بجلی بند کر دیتے تھے ۔یہ صاحب آخری نو گھنٹوں میں ہر حد تک چلے گئے ۔غیر قانونی طور پر قومی اسمبلی تک توڑ دی ۔ اس وجہ سے عمران خان ایسا کوئی کام نہیں کریں گے ، جس سے ان کا مفتا بند ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ اس وقت ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے۔ عوام معاشی صورتحال سے سخت پریشان ہیں۔ اس صورتحال کی تمام تر ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے ۔ جس نے اپنی ایگو (EGO) کی وجہ سے قوم کا وقت ضایع کیا اور آئی ایم ایف کے پاس جانے میں تاخیر کردی ۔ جوکہ عمران خان نے اپنے انٹرویوز میں تسلیم کیا ہے کہ ان سے غلطی ہو گئی۔

جس کے اثرات آج تک جاری ہیں اور ملک کی معیشت سنبھل نہیں پائی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی سیاست کے لیے قوم کے مستقبل کو دا پر لگا دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزیر کی جانب سے پائلٹ کے لائسنس جعلی ہونے کی بات کو دو سال گزر گئے ہیں، لیکن آج بھی کئی ممالک میں قومی ایئرلائن کو آپریٹ کرنے کی اجازت نہیں۔ کئی پائلٹ بے روزگار ہوگئے۔

یہ شخص چاہتا ہے کہ ملک کو مزید غیر یقینی صورتحال کی طرف لے جائے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان کا قانون کے تحت ہر معاملے پر احتساب ہونا چاہیے، تاکہ اس بہروپیے شخص کو دوبارہ عوام کو دھوکا دینے کا موقع نہ مل سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ انتخابات سے کوئی نہیں بھاگنا چاہتا، ہم تو چاہتے ہیں کہ کل انتخابات ہوں ۔ لیکن ملک کے اقتصادی صورتحال درست نہیں ، انتخابات پر اربوں روپے کے اخراجات آتے ہیں ۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وسائل عمران خان اور ان کے ایڈونچرز پر خرچ ہو رہے ہیں ، دونوں صوبائی حکومتوں نے عوام کو اپنے رحم پر چھوڑ دیا ہے ۔ کے پی کے اور پنجاب میں امن امان کی صورتحال بدتر ہے ، عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں ۔ پی ٹی آئی کی حکومتیں عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں تاجروں کو بھتہ کی پرچیاں مل رہی ہیں ، پنجاب میں اسٹریٹ کرائم بڑھ گیا ہے ۔

آٹے کے نرخ پنجاب کے بعض علاقوں میں 100 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جو عوام کے ساتھ کمٹیڈ ہے ۔ صوبہ کی عوام کو مہنگائی کی دور میں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ پیپلز بس سروس کے تحت عوام کو سستی ، آرامدہ سفری سہولیات فراہم کر رہے ہیں ، گزشتہ روز پیپلز بس کی سکھر میں آزمائشی سروس کا آغاز کردیا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ دسمبر میں ہی پیپلز بس سروس سکھر میں عوام کے لیے کھول دی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان میں جہاں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آٹے کی قلت ہے۔ سندھ حکومت عوام کو 65 روپے فی کلو آٹا فراہم کر رہی ہے ، صوبہ کے ہر شہر اور علاقے میں عوام کو 1100 اسٹالز اور موبائل شاپس کے ذریعہ سستا آٹا فراہم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں سیلاب پر بحث کروا رہے ہیں تاکہ صوبہ میں جو تاریخی تباہی آئی ہے ، اس کو ہائی لائٹ کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سیلاب زدگان کی بحالی کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ، تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ گندم کی بوائی کرنے والے کسانوں کو 5، 5 ہزار روپے فی ایکڑ امدادی رقوم دے رہے ہیں ۔ جن کے گھر گر گئے ہیں ان گھروں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیلاب زدگان کے کاز کو بڑا دھچکا پہنچایا ۔ انہوں نے لانگ مارچ اور اب اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کر کے سیلاب زدگان پر دھیان ہٹا دیا ۔

ان لوگوں نے جو ٹیلی تھون کے ذریعے چندہ جمع کیا وہ بھی لانگ مارچ پر لگا دیا ۔گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ ضرور ہے ، لیکن سندھ سے نا انصافی کسی صورت میں برداشت نہیں کر سکتے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا ہے کہ سندھ کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہونی چاہیے ۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ میں گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیا جائے اور آئین کے تحت جو سندھ کا حصہ بنتا ہے وہ یقینی بنایا جائے ۔ یہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا گیس کے بحران کی وجہ سے ہمارے صنعتکار اور تاجر پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میں شامل ہونے کا یہ مقصد ہر گز نہیں ہے کہ ہم سندھ کے ساتھ ہونے والی نا انصافی برداشت کریں گے ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ سندھ حکومت کے پاس 7.5 میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے اور مارچ تک عوام کو سستے نرخوں پر آٹے کی فراہمی جاری رہے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے رواں سال 14 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ٹارگٹ رکھا تھا ۔ سندھ حکومت نے 10 لاکھ میٹرک ٹن مقامی آبادگاروں سے خریدی تھی ، جبکہ 4 لاکھ میٹرک ٹن پاسکو سے خریدی ہے ، جس میں سے 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ڈلیوری ہوچکی ہے ، باقی 2 لاکھ میٹرک ٹن 20 دسمبر کو آنے والے جہازوں سے ہو جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں متاثرہ علاقوں میں گندم کے خراب ہونے کا خدشہ تھا ، لیکن شکر ہے کہ بہت بچت ہوئی ہے اور زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔ محکمہ خوراک کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں گوداموں کی چیکنگ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خراب گندم کے اسٹاک کو الگ کردیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات