Live Updates

دلیل کا جواب دلیل سے دیں ہتھکڑی سے نہیں، اسد عمر

فواد چوہدری سچ بولتے ہیں اور آپ کو سچ پسند نہیں‘ اس کا حل رات کے اندھیرے میں ہتھکڑیاں لگانا نہیں‘ عوام کی عدالت میں مقدمہ رکھیں اور ثابت کریں کس طرح فواد ٹھیک نہیں کہہ رہا۔ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 جنوری 2023 16:28

دلیل کا جواب دلیل سے دیں ہتھکڑی سے نہیں، اسد عمر
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ فواد چوہدری سچ بولتے ہیں اور آپ کو سچ پسند نہیں‘ اس کا حل رات کے اندھیرے میں ہتھکڑیاں لگانا نہیں ہے بلکہ دلیل کا جواب دلیل سے دیں ہتھکڑی سے نہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاملات ٹھیک نہیں ہورہے، کاروبار روزانہ کی بنیاد پر بند ہو رہے ہیں، عوام کو تاریخی مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، فواد چوہدری سچ بولتے ہیں اور سچ کڑوا ہوتا ہے، اس لیے آپ کو سچ پسند نہیں، آپ عوام کی عدالت میں اپنا مقدمہ رکھیں اور ثابت کریں کہ کس طرح فواد ٹھیک نہیں کہہ رہا۔

اسد عمر نے کہا کہ ملک کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، حل رات کے اندھیرے میں ہتھکڑیاں لگانا نہیں ہے، بے گناہ فواد چوہدری کو فوری رہا کیا جائے اور اگر دہشت گردوں سے مقابلہ کرنا ہے تو خیبرپختونخوا میں نظر دوڑائیں کیوں کہ دہشت گردی خیبرپختونخوا میں پھیل رہی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر لاہور ہائی کورٹ نے گرفتار پی ٹی آئی رہنماء فواد چوہدری کو 6 بجے ہر صورت پیش کرنے کا حکم دے دیا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں فواد چودھری کی بازیابی کے لئے دائر درخواست پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے سماعت کی، یڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ عدالتی حکم کی تعمیل کر دی گئی اور آپ کا آرڈر آگے پہچا دیا گیا، عدالت نے قرار دیا کہ یہ باتیں چھوڑیں پہلے بتائیں فواد چوہدری کہاں ہے؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری پنجاب پولیس کے پاس ہے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دئیے کہ مجھے اپنے حکم پر عملدرآمد کروانا آتا ہے‘ آرڈر پر عملدر آمد کریں اور بندہ پیش کریں۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے سوال کیا کہ آئی جی کو بلوایا؟ جس پر انہوں نے کہا کہ آئی جی رحیم یار خان سے لاہور سفر کر رہے ہیں، لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو بھی شام 6 بجے عدالت طلب کرتے ہوئے تب تک سماعت ملتوی کردی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات