کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کی طر ف سے شہدائے ہندواڑہ کوشاندار خراج عقیدت

بدھ 25 جنوری 2023 18:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2023ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک سیمینار میں شہدائے ہندواڑہ کوشاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا۔سیمینار کی صدارت کنونیئر محمود احمد ساغر نے کی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 25جنوری 1990کو ہندواڑہ قصبے میں ہزاروں لوگ بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کے ہاتھوں چند روز قبل سرینگر کے علاقے گائوکدل میں بیگناہ شہریوں کے قتل عام کے خلاف پرامن احتجاجی مارچ کر رہے تھے جب بھارتی فورسزنے ان پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 20سے زائد کشمیریوںکو شہید کردیاتھا۔

سیمینار کے مقررین نے کہاکہ ہندواڑہ میں پر امن مظاہرین کا اندوہناک قتل عام نام نہاد بھارتی جمہوریت کے چہرے پر ایک اور بدنما داغ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہداکی بیش بہا قربانیاں تحریک آزادی کا بیش قیمت اثاثہ ہیں اور انہی قربانیوں کی وجہ سے تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکزبن گیا ہے اور حق و انصاف پر یقین رکھنے والے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق خود ارادیت دینے پر زور دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کے قتل عام کے باوجودان کے جذبہ حریت کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کے ادارے سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے اور جنگی جرائم میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر شہدائے کشمیر کی بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی گئی اور غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیر ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف بٹ کے جوان سال بیٹے کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا ۔ مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ہے۔ مقررین میں محمد فاروق رحمانی،غلام محمد صفی، میر طاہر مسعود، سید یوسف نسیم، شیخ عبدالمتین، محمد رفیق ڈار ،حسن البنا، شیخ محمد یعقوب، ایڈوکیٹ پرویز احمد، شیخ عبدالماجد ، مشتاق احمد بٹ، گلشن احمد، کفایت حسین، منظور احمد ڈار، زاہد صفی ، راجہ خادم حسین، حاجی سلطان بٹ، عبدالمجید لون، اشفاق بلوال، محمد اشرف ڈار، زاہد اشرف، نثار مرزا، جاوید اقبال بٹ،دائود یوسفزئی، زاہد مجتبیٰ، امتیاز احمد بٹ، ندیم احمد، قاضی عمران اور امتیاز وانی شامل تھے ۔