Live Updates

شیخ رشید سیاسی یتیمی اور سیاسی بے روزگاری کا شکار ہو چکے ہیں،وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن

جمعہ 27 جنوری 2023 17:42

شیخ رشید سیاسی  یتیمی اور سیاسی بے روزگاری کا شکار ہو چکے ہیں،وزیر اطلاعات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2023ء) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شیخ رشید ، سابق صدر آصف علی زرداری پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگا رہے ہیں۔ شیخ رشید سیاسی یتیمی اور سیاسی بے روزگاری کا شکار ہو چکے ہیں،وہ اپنا سی وی لیکر گھوم رہے ہیں تاہم پاکستان پیپلز پارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی (ف) نے انہیں نوکری پر رکھنے سے جواب دے دیا ہے۔

انہوں نے جمعہ جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ شیخ رشید لال حویلی سے بے دخل ہونے سے بچنے کے لیے بیہودہ الزامات لگاکر ملک میں آگ لگانے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر مشکل حالات میں ملک کو بچایا تھا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کے حواریوں کا دھرنے اور احتجاج کرنا مقدر بن گیا ہے ، غیر سیاسی لوگوں کو مصنوعی طریقے سے قوم پر مسلط کیا گیا تھا ، لاوارث بننے کے بعد یہ لوگ پاگل ہو چکے ہیں ، ان کو پتہ ہے کہ سہاروں کے بغیر یہ یونین کونسل کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کا انتخاب الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کے مطابق کیا ہے ، محسن نقوی اچھی شہرت کی شخصیت ہیں ۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی، فواد چوہدری کی گرفتاری کا جشن منا رہے ہیں ، پی ٹی آئی اور ان کے حواری اپنی شکست کو بھانپ کر بوکھلاہٹ میں ہر چیز کو متنازع بنانے کی سازشیں کر رہے ہیں ، یہ چاہتے ہیں کہ ان کی مرضی کے لوگ لگائے جائیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ لگتا یہ ہے کہ عمران خان گرفتاری کے خوف سے زمان پارک کے بل میں چھپے ہوئے ہیں اور لوگوں کا باہر اجتماع جمع کر کے عمران خان سمجھتے ہیں کہ وہ چندے کے پیسوں کو ریئل اسٹیٹ میں استعمال کرنے ، منی لانڈرنگ کے گھنائونے ثبوت ، توشہ خانہ میں ڈاکہ، بی آر ٹی اور مالم جبہ کے مقدمات سے بچ جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات