پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکہ،شہدا کی تعداد 87 ہو گئی

ہسپتال میں 157 زخمیوں کو لایا گیا،متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے،ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 31 جنوری 2023 10:38

پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکہ،شہدا کی تعداد 87 ہو گئی
پشاور ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 31 جنوری 2023ء) پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکہ،شہداء کی تعداد 87 ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 87 ہو گئی ہے،ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں 157 زخمیوں کو لایا گیا،متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

حکام کے مطابق مسجد کے ملبے تلے دبے مزید افراد کو نکالنے کے لئے آپریشن جاری ہے،جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور پولیس لائنز مسجد میں خود کش دھماکہ ہوا تھا جبکہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کر رکھا ہے۔ قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ پشاور دھماکا میں ملوث حملہ آور ایک، دو دن سے پولیس لائنز میں ہی مقیم تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور دھماکے کا سہولت کار پولیس لائنز کے اندر کا آدمی تھا، حملہ آور ایک دو دن سے وہاں رہ رہا تھا، حملہ آور نے ریکی کی اور موقع دیکھ کر دھماکا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی جی پشاور نے بتایا کہ ہزار سے ڈیڑھ ہزار افراد پولیس لائنز میں رہتے ہیں۔ خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سیکیورٹی بریچ ہوئی ہے، پولیس کا خیال ہے کہ اندر کوئی شخص حملہ آور کے ساتھ رابطے میں تھا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد نے خود کو پہلی صف میں دھماکے سے اڑایا، مساجد میں نمازیوں پر حملے تو بھارت اور فلسطین میں بھی نہیں ہوتے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ لہر میں کراچی دہشتگردوں کا بڑا ٹارگٹ تھا، سوات کے نہتے لوگوں نے ان دہشت گردوں کو مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں مذاکرات کی پالیسی شروع ہوئی تھی، اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں سرکاری ٹھیکوں میں یہ دہشت گرد حصہ وصول کرتے تھے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میری اطلاعات ہیں کہ یہ دہشت گرد سرکاری ٹھیکوں میں گزشتہ حکومت کے وقت سے کمیشن لیتے ہیں۔