Live Updates

ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے ہمیں اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے،عرفان الحق صدیقی

منگل 31 جنوری 2023 18:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے ہمیں اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے، عمران خان کو بھی اس حوالے سے مثبت سوچ کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں پشاور دھماکہ کے حوالے سے تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے واقعات کے بعد متاثرین کے غم کو بھول جاتے ہیں، ماضی میں ہمارے ملک میں طالبان کی حمایت اور مخالفت میں فتوے دیئے گئے، جس سے ملک کو نقصان پہنچا، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوششیں کی گئیں، مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں اس حوالہ سے چار کانفرنسز ہوئیں، دو میں عمران خان خود شریک ہوئے، ایک شاہ محمود قریشی نے ان کی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے طالبان سے مذاکرات پر اتفاق کیا، طالبان نے مذاکرات کے لئے عمران خان سمیت دیگر کو اپنا نمائندہ مقرر کیا، مذاکرات اور آپریشن ضرب عضب کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوا، پی ٹی آئی نے اس حوالے سے کیا قدام کئے معلوم نہیں، آج ہم خون میں لت پت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحت، تعلیم اور دہشت گردی پر وسائل خرچ نہیں کر سکتے ہیں، اس ناسور کے خاتمے کے لئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے، عمران خان کو بھی اس حوالہ سے مثبت سوچ کا مظاہرہ کرنا چاہیے، ہم اس معاملے پر ایک دوسرے سے بات چیت کر سکتے ہیں، ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات