الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی سمیت7 ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کردی

الیکشن کمیشن نے مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر ان ارکان کی رکنیت معطل کی تھی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 6 فروری 2023 17:26

الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی سمیت7 ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کردی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 فروری 2022ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعظم سواتی سمیت7 ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کردی۔ الیکشن کمیشن نے مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر ان ارکان کی رکنیت معطل کی تھی۔ دنیا نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے اعظم سواتی سمیت مزید 7 اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی ہے۔

ان ارکان قومی و صوبائی اسمبلی میں سینیٹر اعظم سواتی، عبدالشکور شاد، فرخ خان، امیر علی شاہ جیلانی، معظم علی خان، سعید احمد، رکن بلوچستان نعمت اللہ زہری شامل ہیں، الیکشن کمیشن نے ان ارکان کی رکنیت مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر16 جنوری کو معطل کی تھی۔یاد رہے اس سے قبل 24 جنوری 2022ء کو الیکشن کمیشن نے 16 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت بحال کی تھی، رکن اسمبلی شہر یار مہر اور سید محمد راشد شاہ کی رکنیت بحال کر دی، سینیٹر کامران مائیکل ، سیف اللہ آبڑو، محسن عزیز اور ثانیہ نشتر کی رکنیت بھی بحال کر دی گئی۔

(جاری ہے)

چودھری عابد رضا، عصمت اللہ، لال چند، موسیٰ گیلانی اور خالد مقبول صدیقی کی رکنیت بھی بحال کر دی گئی، الیکشن کمیشن نے مالی گوشواروں کی تفصیلات نہ جمع کروانے پر ان اراکین کی رکنیت معطل کر رکھی تھی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلی کے 271 اراکین کی رکنیت معطل کردی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق 271 اراکین میں 136 اراکین قومی اسمبلی، 21 سینیٹرز، 114 اراکین صوبائی اسمبلی شامل ہیں۔ پی ٹی آئی قانون سازوں کی جانب سے قومی اسمبلی سے استعفیٰ دینے کے باعث رواں سال معطل ہونے والے اراکین کی تعداد زیادہ ہے۔ 35 اراکین قومی اسمبلی اور 3 سینیٹرز گزشتہ سال 16 جنوری کی آخری تاریخ تک الیکشن کمیشن کو اپنے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے میں ناکام رہے تھے گزشتہ سال کے مقابلے رواں سال رکنیت معطل ہونے والے اراکین کی تعداد زیادہ ہے۔

اسی دوران چونکہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہوچکی ہے جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق پنجاب سے کسی بھی رکن صوبائی اسمبلی کو معطل نہیں کیا گیا۔ مالی گوشوارے ہر سال 31 دسمبر تک جمع کرائے جاتے ہیں اور الیکشن کمیشن نے تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ 30 جون 2022 تک کے تمام مالی گوشوارے 16 جنوری 2023 تک جمع کرائیں اگر ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو ان اراکین کی رکنیت معطل کردی جائے گی۔