نوازشریف اور زرداری نے اگلی نسلوں کو بھی بال بال قرض میں جکڑ دیا ہے،پاسبان

جمعرات 9 فروری 2023 20:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 فروری2023ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کرنے کی سب سے زیادہ ذمہ دارای نواز شریف اور آصف علی زرداری پر عائد ہوتی ہے۔ یہ دونوں سیاست دان ملک کی سیاست کا کینسر ہیں۔ ان کا کڑا اور غیر جانب دار احتساب ہونا چاہیے۔پی آئی اے، پی ایس او، سوئی گیس اور دوسری سرکاری کمپنیوں کو شریف اور زرداری نے مل کر کھوکھلا کر دیا۔

ان دونوں سیاست دانوں نے پاکستان کی اگلی نسلوں کو بھی قرض میں بال بال جکڑ دیا ہے۔ان دونوں کا درست احتساب کیا جائے تو پاکستان کا سارا قرضہ ادا ہو جائے گا۔ اسٹیک ہولڈرز ان دونوں کا کڑا احتساب کریں اور کرپٹ افراد کے پیٹ پھاڑ کر پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت بر آمد کریں۔

(جاری ہے)

صرف دو آدمیوں کی وجہ سے بائیس کروڑ عوام سزا بھگتیں یہ کہاں کا انصاف ہی اب صرف مائنس بگ تھری فارمولا چلے گا ورنہ قوم رٴْلتی رہے گی۔

زرداری اینڈ شریف ایک ہی تھیلی کے چٹے بٹے ہیں اور ان کے پیٹ پہلے دن سے ملے ہوئے ہیں۔ ان کے سیاسی اتحاد نے انہیں پوری طرح ننگا کر دیا ہے۔صرف شریف اور زرداری کو الٹا لٹکا دیا جائے تو پاکستان پر ڈالر اور پاؤنڈ کی بارش ہو جائے۔ پلی بارگین کالا قانون ہے۔ یہ رشوت ستانی اور کرپشن کو فروغ دے رہا ہے، اسے ختم کیا جائے۔ پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں پاکستان کی معاشی تباہی پر گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ آئی پی پیز سے جس طرح کے معاہدے کئے گئے ان کی وجہ سے پاکستان مزید قرضوں اور مسائل کے بوجھ تلے دب گیا ہے۔

ایک طرف کراچی الیکٹرک اور دوسرے بجلی گھر کو نج کاری کے ذریعے پرائیویٹ سیکٹر کو اونے پونے فروخت کیا گیا جبکہ دوسری طرف مہنگی بجلی گھر بنانے کے لئے قرض لیا گیا۔ پالیسی کا یہ تضاد ظاہر کرتا ہے کہ بڑے بڑے پراجیکٹس میں بھاری پیمانے پر کرپشن کی گئی اور کمیشن لیا گیا۔کراچی الیکٹرک کو بیس سال پہلے صرف چھ ارب میں فروخت کیا گیا اور آج اس کی قیمت پانچ سو ارب روپے سے زائد ہے۔ بس اور ٹرین کے پراجیکٹس کی آر او آئی بنتی ہی نہیں ہے۔ یہ قوم نہیں ہجوم ہے۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت قوم کو ہجوم بنایا گیا ہے، اسے دوبارہ قوم بنانا ہوگا۔