حلقہ این اے 265 کوئٹہ 2 سے نورالدین کاکڑ ہی بطور امیدوار الیکشن لڑیں گے،میر چنگیز خان جمالی

ہفتہ 11 فروری 2023 21:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ اگر تمام ساتھی متحد و منظم ہوکر اپنا کردار ادا کریں تو حلقہ این اے 265 کوئٹہ 2 پر کوئی قوت پاکستان پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتی،حلقہ این اے 265 کوئٹہ 2 سے نورالدین کاکڑ ہی بطور امیدوار الیکشن لڑیں گے،چیئر مین بلاول بھٹوکسی بھی وقت کوئٹہ کا دورہ کر نے کا اعلان کر سکتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو الیکشن سیل ( سٹی سیکرٹریٹ ) میں ایگزیکٹو باڈی کے نمائندہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں حلقہ این اے 265 کوئٹہ 2 کے الیکشن کے حوالے سے ون پوائنٹ ایجنڈے کا شرکاء نے تفصیلی جائزہ اور مختلف تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر حلقہ 27، 28 اور 29 کی بنیاد پر 3 کمیٹیاں تشکیل دینے کا بھی فیصلے کیا گیا،کمیٹیاں حلقہ وائز الیکشن کے حوالے سے مختلف امور پر لائحہ عمل کی تیاری اور عملی اقدامات اٹھائے کے ذمہ دار ہونگی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے میر چنگیز خان جمالی نے کہا کہ شرکاء کی طرف سے جتنی بھی تجاویز آئی وہ انتہائی مثبت ،قابل عمل اور اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کے تجاویز کو عملی جامہ پہنائے کیلئے ضروری ہے کہ تمام ساتھی متحد و منظم ہوکر محترک انداز میں اپنا کردار ادا کرے تو حلقہ این اے 265 کوئٹہ 2 پر کوئی قوت پاکستان پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔

انہوں نے حلقہ این اے 262 کوئٹہ 2 کے امیدوار کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اور پارلیمانی بورڈ کے سامنے 4 نام آئے تھے پارٹی نے غور کے بعد نورالدین کاکڑ کے نام سے اتفاق کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کا امیدوار فائنل کردیاحلقہ این اے 265 کوئٹہ 2 سے نورالدین کاکڑ ہی بطور امیدوار الیکشن لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام ساتھی نورالدین کاکڑ کے حق میں ویڈرال کرکے اپنی تمام صلاحیتوں کو پاکستان پیپلز پارٹی کے متفقہ امیدوار کے حق میں استعمال کرے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمپین کیلئے وقت بہت کم ہے تمام ساتھی آج کا دن الیکشن کا آخری دن سمجھ کر اپنی جدوجہد کو تیز تر کردیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی قیادت نے چیئرمین بلاول بھٹو کو دورہ کوئٹہ کی دعوت دی رکھی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو کسی بھی وقت کوئٹہ دورے کا اعلان کرسکتے ہیں۔ کارکنوں کو چاہیے کہ اس حوالے سے بھی اپنی تیاریاں جاری رکھیں۔

اور عوام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مثبت پہلو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ این اے 265 کوئٹہ 2 کے نامزد امیدوار نورالدین کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حاجی قاسم اچکزئی، رابطہ سیکرٹری حاجی ربانی خلجی، ریکارڈ سیکرٹری در محمد ہزارہ، ڈپٹی میڈیا کوآرڈینیٹر اختر شاہ مندوخیل، صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سردار عمران بنگلزئی، سردار سرور سلیمانخیل، سید اکبر شاہ کھرل ، کوئٹہ ڈویژن کے نائب صدر جبار خلجی، پیپلز لیبر بیورو بلوچستان، پیپلز وومن ونگ بلوچستان، پیپلز مینارٹی ونگ بلوچستان، پیپلز سپورٹس اینڈ کلچر ونگ بلوچستان، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن بلوچستان، پیپلز ڈاکٹرز فورم، پیپلز علماء ونگ بلوچستان، ڈسٹرکٹ کوئٹہ، کوئٹہ سٹی اور سنیئر ساتھیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔