کے پی او میں دہشت گردحملے میں شہید رینجرزاہلکار سب انسپکٹر تیمور شہزاد کی نمازجنازہ ہیڈ کوارٹرمیں اداکردی گئی ،میت ملتان روانہ

ہفتہ 18 فروری 2023 16:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2023ء) کراچی پولیس چیف آفس میں دہشتگردوں کے حملے میں آپر یشن کے دوران شہید رینجرزاہلکار سب انسپکٹر تیمور شہزاد کی نمازجنازہ ہیڈ کوارٹر پاکستان رینجرزسندھ جناح کورٹس بلڈ نگ میں ادا کر دی گئی۔رینجرز اہلکار دوران آپر یشن چہرے پر گو لی لگنے سے شہید ہوا۔ نماز جنازہ میں وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ، کورکمانڈرسندھ، آئی جی پولیس سندھ، کراچی پو لیس چیف، فوج،رینجرز، پولیس کے اعلی افسران اور جوانو ں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بعد نماز جنازہ شہید کے جسد خا کی کو آبائی گائوں شجاع آباد ملتان میں فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے روانہ کیاگیا۔شہید سب انسپکٹر تیمور شہزاد7 سال قبل پاکستان رینجرز سندھ میں بطورڈائریکٹ اِنٹری حوالدار بھرتی ہوئے تھے اورنہایت جانفشانی سے اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دیئے۔ترجمان رینجرزکے مطابق سندھ بالخصوص کراچی میں امن وامان برقراررکھنے کے لیے کراچی آپریشن سمیت دہشتگردوں کے خلاف مختلف کاروائیوں میں سندھ رینجرز کے ابتک 148افسران اور جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں۔پاکستان رینجرزسندھ کے جوانوں اور آفیسرز کے حوصلے بلند ہیں اور کسی بھی دہشتگردی کو قلع قمع کرنے کے لیے ہر دم تیار ہیں۔