شہید رینجرزاہلکار سب انسپکٹر تیمور شہزاد کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی

ہفتہ 18 فروری 2023 17:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2023ء) کراچی پولیس چیف آفس میں دہشتگردوں کے حملے میں آپر یشن کے دوران شہید ہونے والے رینجرزاہلکار سب انسپکٹر تیمور شہزاد کی نمازجنازہ ہیڈ کوارٹر پا کستان رینجرز(سندھ)جناح کورٹس بلڈ نگ میں ادا کر دی گئی۔ترجمان سندھ رینجرز کے ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رینجرز اہلکار دوران آپر یشن چہرے پر گو لی لگنے سے شہید ہوا۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ، کورکمانڈرسندھ، آئی جی پولیس سندھ، کراچی پو لیس چیف، فوج،رینجرز، پولیس کے اعلی افسران اور جوانو ں نے شرکت کی۔بعد ازاں شہید کے جسد خا کی کو آبائی گائوں شجاع آباد ملتان میں فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے روانہ کیاگیا۔شہید سب انسپکٹر تیمور شہزاد7سال قبل پاکستان رینجرز سندھ میں بطورڈائریکٹ اِنٹری حوالدار بھرتی ہوئے تھے اورنہایت جانفشانی سے اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دیئے۔ واضح رہے کہ سندھ بالخصوص کراچی میں امن وامان برقراررکھنے کے لیے کراچی آپریشن سمیت دہشتگردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں سندھ رینجرز کے ابتک 148افسران اور جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں۔