قومی اسمبلی کے 16 حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے پوسٹل بیلٹ کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 مارچ مقرر

پیر 27 فروری 2023 20:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2023ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 16 حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے پوسٹل بیلٹ کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 مارچ مقرر کر دی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق مسلح افواج پاکستان، سرکاری ملازمین، ان کی فیملیوں اور رجسٹرڈ ووٹر بچوں جو عارضی طور پر اپنے علاقہ سے باہر ہیں جبکہ کوئی ایسا فرد جو معذوری کی وجہ سے سفر کرکے پولنگ سٹیشن تک آنے سے قاصر ہو اور اس کے قومی شناختی کارڈ پر جسمانی معذوری کا لوگو ہو، اس کے علاوہ قیدیوں کیلئے حق رائے دہی کے طور پر پوسٹل بیلٹ کی سہولت دی گئی ہے۔

جن حلقوں میں یہ سہولت دی گئی ہے ان میں این اے 2 سوات، این اے 3 سوات، این اے 5 اپر دیر، این اے 6، 7 لوئر دیر، این اے 8 مالاکنڈ، این اے 19 صوابی، این اے 20 مردان، این اے 28 پشاور، این اے 30 پشاور، این اے 34 کرک، این اے 40 باجوڑ، این اے 9 بونیر، این اے 42 مہمند، این اے 16 ایبٹ آباد اور این اے 44 خیبر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ریٹرننگ افسران ، پولیس اہلکار اور پولنگ سٹیشن پر کسی بھی صورت میں ڈیوٹی دینے والے اہلکار بھی پوسٹل بیلٹ کیلئے اہل ہوں گے۔