Live Updates

خیبر پختو نخوا میں 30 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات عدالت میں چیلنج

پی ٹی آئی ارکان نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی،عام انتخابات سے 120 دن پہلے الیکشن نہیں ہو سکتے،درخواست میں مؤقف

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 14 مارچ 2023 12:52

پشاور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 14 مارچ 2023ء) تحریک انصاف نے خیبر پختو نخوا میں 30 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات عدالت میں چیلنج کر دئیے۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان نے 30 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 30 اپریل کو این اے 22 مردان،این اے 24 چارسدہ اور این اے31 پشاور پر انتخابات کا شیڈول جاری کیا گیا،عام انتخابات سے 120 دن پہلے الیکشن نہیں ہو سکتے،حکومت نے اگر انتخابات کروانے ہوتے تو 120 روز کے اندر تاریخ دیتی۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ مستعفی ارکان قومی اسمبلی کو استعفوں کی منظوری کیلئے ذاتی حیثیت میں نہیں سنا گیا،30 اپریل کو انتخابات کرانا آئین کے آرٹیکل 124 کی خلاف ورزی ہے،ضمنی انتخابات سے نہ صرف پیسہ ضائع ہو گا بلکہ آئین سے انحراف بھی ہو گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے پہلے الیکشن کمیشن نے چیئرمین عمران خان کی جانب سے خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشستوں پرضمنی انتخابات کاشیڈول جاری کیا۔

لیکشن کمیشن نے کہا کہ قومی اسمبلی کی 6 نشستوں پرضمنی الیکشن ہو گا۔این اے 22 مردان،این اے 24 چارسدہ،این اے 31 پشاور،این اے 108 فیصل آباد اور این اے 118 ننکانہ صاحب میں 30 اپریل کو ضمنی انتخاب ہو گا۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ این اے 239 کورنگی کراچی میں بھی 30 اپریل کو ضمنی الیکشن ہوگا۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس قومی اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات میں ہوئے تھے جس پر سابق وزیراعظم عمران خان امیدوار تھے،چیئرمین پی ٹی آئی نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور ایک نشست میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا،جبکہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 6 نشستوں سے ڈی نوٹیفائی کیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات