ایوان بالا کو مزید بااختیار بنانے کی ضرورت ہے، آئین کی بالادستی سے پارلیمنٹ مضبوط ہو گی، اراکین سینٹ و دیگر کا ایوان بالا کی کمیٹی آف ہول کے اجلاس سے خطاب

بدھ 15 مارچ 2023 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2023ء) اراکین سینٹ، تاجر برادری، صحافیوں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کہا ہے کہ ایوان بالا کو مزید بااختیار بنانے کی ضرورت ہے، آئین کی بالادستی سے پارلیمنٹ مضبوط ہو گی، موجودہ معاشی صورتحال کے تناظر میں میثاق معیشت وقت کی ضرورت ہے۔ بدھ کو ایوان بالا کی 50ویں سالگرہ کی مناسبت سے کمیٹی آف ہول کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد نے کہا کہ ایوان بالا کے کردار میں بہتری لانے کیلئے اس کے براہ راست انتخابات اور اسے مزید بااختیار بنانے کی ضرورت ہے لیکن اس میں توازن رہنا چاہئے تاکہ سینٹ اور قومی اسمبلی میں اختیارات کا تصادم نہ ہو۔

سابق چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری نے کہا کہ آئین کی بالادستی سے پارلیمنٹ مضبوط ہو گی۔

(جاری ہے)

سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا کہ ایوان میں اس وقت موجود لوگ اہم عہدوں پر تعینات ہیں اور تعینات رہے ہیں، ہمیں سوچنا چاہئے کہ جو لوگ آئین کے اندر رہتے ہوئے حقوق چاہتے ہیں ان کی بات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے، معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے، طاقت کے استعمال سے معاملات خراب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں سینٹ کو کردار ادا کرنا چاہئے، سینٹ کو مزید بااختیار بنایا جائے۔ سینیٹر امام دین شوقین نے کہا کہ ایوان بالا میں صوبوں کی نمائندگی لائق تحسین ہے۔ انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا کہ ملک میں نشیب و فراز کے باوجود جمہوریت آگے بڑھ رہی ہے، چیئرمین سینٹ مشکل صورتحال کے باوجود بہترین انداز میں ایوان چلا رہے ہیں۔

سینیٹر کہدی بابر نے کہا کہ ایوان کے اس اجلاس میں آنے والی تجاویز کو متعلقہ قائمہ کمیٹیوں میں بھیجا جائے۔ موجودہ چیئرمین سینیٹ کی سربراہی میں ایوان بالا کی کارروائی بروقت چل رہی ہے۔ سابق گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا کہ ہر وقت ہم اختیارات نہ ملنے کا رونا روتے ہیں لیکن سیاسی جماعتوں میں جمہوری اقدار کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

اس سے سیاسی اور جمہوری نظام کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور جمہوری لوگ منتخب ہو کر اسمبلیوں میں آئیں گے۔ میم خان بلوچ نے کہا کہ بلوچ عوام کے حقوق کا احترام کرنا چاہئے، ایوان بالا کو مالی اختیار ملنا چاہئے۔ سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد علی آفریدی نے کہا کہ سینٹ میں گلگت بلتستان کے نمائندہ کو پہلی بار بات کرنے کا موقع ملا ہے، ایوان بالا کی گولڈن جوبلی پر اراکین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ تاجروں نے ہمیشہ مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دیا ہے، موجودہ معاشی صورتحال کے تناظر میں میثاق معیشت وقت کی ضرورت ہے۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاشف انور نے کہا کہ پوری قوم کو پارلیمنٹ سے توقعات ہیں، تاجروں کے مسائل حل کئے جائیں۔ اجلاس سے سینیٹر خالدہ اطیب، صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری طارق یوسف، چیئرمین فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈاکٹر خرم طارق، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل ہارون رشید، چیف ایگزیکٹو آفیسر آج ٹی وی واثق زبیری اور چیئرمین روز ٹی وی سردار خان نیازی نے بھی خطاب کیا۔