Live Updates

توشہ خانہ کیس: عدالت نے عمران کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے، فرد جرم 30 مارچ تک ملتوی

ہفتہ 18 مارچ 2023 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2023ء) عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے توشہ خانہ فوجداری کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی30 مارچ تک ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت نے وکلا کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر کیس کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں۔

فاضل جج نے واضح کیا کہ عمران خان کو آئندہ سماعت پر بھی پیش ہونا ہوگا جس پر وکیل دفاع خواجہ حارث نے کہا کہ آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کریں گے۔ جج نے کہا کہ عدالت استثنیٰ کی درخواست کے حوالے سے مذکورہ تاریخ کو صورتحال دیکھے گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پی ٹی آئی چیئرمین کمرہ عدالت میں گئے اور حاضری لگائے بغیر لاہور روانہ ہوگئے۔

سماعت شروع ہوتے ہی عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنی ٰکی درخواست جمع کرادی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمپلیکس کے احاطے میں پہنچ چکے ہیں۔ جج نے کہا کہ امید ہے اگلی سماعت ایف ایٹ کچہری اسلام آباد میں ہوگی۔ دریں اثنا پی ٹی آئی چیئرمین کے ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کرائے گئے۔ اس کے علاوہ عمران خان کے وکیل نے عدالت میں درخواست جمع کرائی اور جج سے استدعا کی کہ وہ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پہنچنے پر حاضری لگائیں۔

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اپنے سٹاف ممبر کو عمران خان کی گاڑی میں حاضری کے دستخط لینے کے لیے بھیج دیا۔ عمران خان کے دستخط لینے گئے عدالتی عملے کو شرپسندوں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں عدالت نے استفسار کیا کہ اس فائل پر عمران خان کے دستخط موجود ہیں جس پر ایس پی سمیع اللہ نے لاعلمی کا اظہار کیا۔

خواجہ حارث نے کہا کہ جوڈیشل فائل کا گم ہونا سنگین معاملہ ہے۔ تاہم عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے فرد جرم کی کارروائی30 مارچ تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے جوڈیشل کمپلیکس پہنچتے ہی سینکڑوں شرپسندوں نے زبردستی عمارت میں گھسنے کی کوشش کی۔ پولیس کے روکنے پر مشتعل ہجوم نے پولیس پر حملہ کیا اور سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات