Live Updates

مضحکہ خیز بات ہے حکومت اور پولیس کو پلاسٹک کی بوتلوں میں پٹرول بم نظر آ گیا

پٹرول بم شیشے کی بوتل کا ہوتا ہے پلاسٹک کی بوتل کا نہیں، دنیا میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ پلاسٹک کی بوتلوں کو پٹرول بم بنا دیا گیا، سینئر صحافی کا حکومتی الزامات پر ردعمل

muhammad ali محمد علی اتوار 19 مارچ 2023 00:30

مضحکہ خیز بات ہے حکومت اور پولیس کو پلاسٹک کی بوتلوں میں پٹرول بم نظر ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 مارچ 2023ء ) مضحکہ خیز بات ہے حکومت اور پولیس کو پلاسٹک کی بوتلوں میں پٹرول بم نظر آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار محمد مالک نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جو کچھ زمان پارک میں ہوا، وہ مضحکہ خیز ہے۔ دنیا میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ پلاسٹک کی بوتلوں کو پٹرول بم بنا دیا گیا، مضحکہ خیز بات ہے حکومت او پولیس کو پلاسٹک کی بوتلوں میں پٹرول بم نظر آ گیا، پٹرول بم شیشے کی بوتل کا ہوتا ہے پلاسٹک کی بوتل کا نہیں۔

جبکہ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ زمان پارک سے جو ثبوت سامنے آئے ہیں وہ تحریک انصاف کو کالعدم قرار دینے کا ریفرنس بنانے کیلئے کافی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان پہلے بھی جتھے کےساتھ جوڈیشل کمپلیکس گیا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی، آج بھی 100 کے قریب لوگ مسلح تھے، انہیں کیسے عدالت میں جانے کی اجازت دی جاسکتی تھی؟ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عدالت کو یہ حکم دینا چاہیے تھا کہ گاڑی سے اتر کر پیش ہو، ایسا ہونا ضروری تھا تاکہ اس قسم کے واقعات کو مزید نہ پنپنے دیا جائے، انتہائی افسوس ہے کہ انہیں گاڑی میں ہی حاضری لگوانے کی سہولت دی گئی، بعد میں سنا ہے کہ دستخط والی فائل بھی کہیں غائب ہوگئی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا کہ عدالتوں کا احترام ہے لیکن عدلیہ کے اس رویے نے عمران خان کی خرمستی میں اضافہ کیا ہے، لوگوں کو عمران خان نے ماہ و سال جیل میں رکھا اور خود جیل سے اتنا خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمان پارک سے گرفتار 65 افراد میں سے اکثریت کا تعلق پنجاب سے نہیں ہے ، زمان پارک سے جو اسلحہ برآمد ہوا ہے وہ سارا ناجائز اسلحہ ہے ، آج یہ لوگ جوڈیشل کمپلیکس میں داخل ہونا چاہتے تھے اور بہت سے مسلح تھے۔

عمران خان نے اپنے ارد گرد تین چار سو مسلح افراد جمع کیے ہوئے ہیں۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر 2018 میں قوم ڈٹ جاتی اور اس کا راستہ روکتی تو حالات آج بہتر ہوتے، اس کو لانے والے بھی یقیناً آج پچھتا رہے ہیں، عمران خان سیاستدان نہیں اس کا رویہ جمہوری نہیں ہے، قوم اس کا ادراک کرے اور ووٹ کی طاقت سے اس کو مائنس کرے۔ دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے گھر پر سرچ آپریشن اور عملے پر تشدد کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی گھر پر اکیلی تھیں جو کہ مکمل طور پرغیرسیاسی خاتون ہیں، یہ چادر اور چاردیواری کی حرمت کے اسلامی اصول کی خلاف ورزی ہے۔ اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا تھاکہ آج میرےگھرپرحملہ سب سے پہلے توہین عدالت تھا، ہم نےاتفاق کیا تھا سرچ وارنٹ کیلئے ایس پی ہمارےایک فرد سے رابطے میں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ کس قانون کے تحت گیٹ توڑا، درخت اکھاڑ پھینکے، کس قانون کے تحت وہ گھر میں بھاری ہتھیاروں سے لیس ہوکر گھسے؟ یہ سب اس وقت کیا گیا جب میں اسلام آباد عدالت میں پیشی کیلئے روانہ ہوا۔ ان کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی گھر پر اکیلی تھیں جو کہ مکمل طور پرغیرسیاسی خاتون ہیں، یہ چادر اور چاردیواری کی حرمت کے اسلامی اصول کی خلاف ورزی ہے، میں اس توہین کے معاملے، گھر کے تقدس کی پامالی اور گھریلو عملے پر تشدد کا معاملہ عدالت لےجا رہا ہوں۔

دوسری جانب زمان پارک میں پولیس آپریشن کیخلاف عمران خان کی ہمشیرہ بھی چپ نہ رہیں،ڈاکٹر عظمٰی نے اردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھر میں عورتوں اور بچوں کے سوا کوئی نہیں،اب دیکھتے ہیں قانون کیا کرتا ہے؟ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی زمان پارک میں موجود ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات