Live Updates

عمران خان کیخلاف نیب کیسز،نیب نے کیسز کا ریکارڈ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا

توشہ خانہ کے تحائف اور اختیارات سے تجاوز کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں،نیب راولپنڈی کے علاوہ کہیں بھی عمران خان کیخلاف کوئی کیس نہیں،نیب

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 24 مارچ 2023 10:45

عمران خان کیخلاف نیب کیسز،نیب نے کیسز کا ریکارڈ لاہور ہائیکورٹ میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 24 مارچ 2023ء) سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی درخواست،نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف کیسز کا ریکارڈ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کیخلاف دو کیسز ہیں،نیب راولپنڈی تحقیقات کر رہا ہے،توشہ خانہ کے تحائف اور اختیارات سے تجاوز کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

نیب کے مطابق مالی فوائد لینے اور ریکارد چھپانے پر بھی چھان بین جاری ہے،عمران خان کیخلاف دونوں کیسز تفتیش کی سطح پر ہیں،کال اپ نوٹس بھی جاری ہوئے۔ نیب راولپنڈی کے علاوہ کہیں بھی عمران خان کیخلاف کوئی کیس نہیں ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل لاہور ہائیکورٹ نے نیب اور اینٹی کرپشن کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کے مقدمات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی،جسٹس طارق سلیم شیخ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے قرار دیا کہ ایف آئی اے اور پولیس نے مقدمات کی تفصیلات پیش کیں،اب حکم امتناع کو برقرار نہیں رکھ سکتے۔ عدالت نے نیب اور اینٹی کرپشن کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا تھا،ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ مقدمات اور انکوائری سے متعلق نیب کی رپورٹس کہاں ہے؟ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر اور ایڈووکیٹ اظہر صدیق کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی،نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ جس آرٹیکل کی یہ بات کر رہے ہیں اس کے تحت مجھے کاپی نہیں دی۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ مولانا عبدالستار نیازی اور چودھری ظہور الہٰی کیس رکھنا چاہتا ہوں،عدالت نے اینٹی کرپشن سے بھی کیسز کا ریکارڈ مانگا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کیا اینٹی کرپشن کا جواب آیا ہے؟ سرکاری وکیل نے بتایا کہ اینٹی کرپشن صوبائی ادارہ ہے،جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ ریکارڈ آپ خود پیش نہیں کر رہے،سرکاری وکیل نے کہا کہ اس میں ہماری کوئی بدنیتی شامل نہیں ہے،میں نے 17 فروری کو عمران خان کے خلاف نیب کیسز کی فہرست کے لیے نیب کو خط لکھا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات