مولانا فضل الرحمن کا قاری عثمان کے جواں سال داماد کے انتقال پر اظہار افسوس

انسان کی سوچ کچھ، تدبیر کچھ ہوتی ہے۔ اللہ تعالی کی تقدیر کے فیصلے کچھ ہوتے ہیں،امیر جمعیت علماء اسلام

جمعہ 24 مارچ 2023 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2023ء) جمعیت علما اسلام پاکستان کے امیر اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جے یو آئی کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان کے جواں سال داماد قاری ریاض اللہ کی شادی کے چوتھے دن اچانک وفات پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اس واقعے سے اللہ تعالی کی طاقت، قوت، بے نیازی اور حکمت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے، انسان کی سوچ کچھ، تدبیر کچھ ہوتی ہے۔

اللہ تعالی کی تقدیر کے فیصلے کچھ ہوتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے فون پر قاری محمد عثمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم سانحہ پر میں اور پوری جماعت آپ اور غم زدہ خاندان کے ساتھ اس المناک حادثے اور عظیم غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ملک بھر کے جماعتی احباب، علمائے کرام، مدارس کے طلبا آپکے جواں سال داماد قاری ریاض اللہ کی افسوس ناک موت پر انکے درجات کی بلندی اور جنت الفردوس میں اعلی مقام کیلئے دعائیں اور ایصال ثواب کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اللہ تعالی آپ اور پورے خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے،آمین۔ جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکریٹری مولانا قاری محمد حنیف جالندھری،جے یوآئی خیبرپختونخواہ کے امیر سینیٹر مولانا عطا الرحمن، جے یو آئی آزاد کشمیر کے امیر ،وفاق المدارس کے نائب صدر مولانا سعید یوسف خان، جییوآئی پنجاب کے سیکریٹری جنرل مولانا صفی اللہ، سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو،سندھ کے نائب امیرمولانا سائیں سراج احمد شاہ امروٹی،جے یوآئی اسلام آباد کیامیر مولانا عبدالمجیدہزاروی نے فون پر اظہار تعزیت و دعائے مغفرت کی۔

علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما سابق پارلیمنٹیئرین حافظ حسین احمد نے شدیدعلالت کیباوجود، مولانا ڈاکٹر سعید اسکندر، مفتی تقی الدین شامزئی، مولانا سلیم الدین شامزئی، مفتی انس عادل، مولانا عمیر عادل، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما، سابق وزیر حسیب خان ودیگر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے والے سینکڑوں افراد نے جامعہ عثمانیہ شیرشاہ آکر قاری محمد عثمان سے اظہار تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔