Live Updates

امپورٹڈ حکمران اور نگران پنجاب حکومت پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے ،داود شاہ کاکڑ

اتوار 26 مارچ 2023 19:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2023ء) پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے صوبائی صدرداود شاہ کاکڑ کی قیادت میں اتوار کو حسان نیازی کی غیرقانونی گرفتاری اور اظہر مشوانی کے اغواء اورانکی بازیابی کیلئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے مرکزی نائب صدر عارف رند،صوبائی صدر داود شاہ کاکڑ، عالم کاکڑ،خورشید کاکڑ،عارف کاکڑ اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ پولیس نے ائیر پورٹ روڈ پر احتجاج کی آڑ میں حسان نیازی کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت ایف آئی آر درج کی گئی جس وقت مظاہرہ کیا گیااسوقت حسان نیازی کوئٹہ کیا بلوچستان میں موجود نہیں تھے اسکے باوجود انہیں ایف آئی آر میں نامزد کرکے گرفتار کیا گیا اورعدالت سے ضمانت منظور ہونے کے باوجودانہیں چوبیس گھنٹے حبس بے جا میں رکھا گیا اورآج ایک مرتبہ پھرانہیں لاہور پولیس کے حوالے کردیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے رہنما اظہر مشوانی کو اٹھاکر لاپتہ کیا گیا جن کا تاحال کوئی پتہ نہیں ہے کہ انہیں کہاں رکھا گیا ہے اگر اظہر مشوانی کے خلاف کوئی مقدمہ ہے توانہیں عدالت میں پیش کیا جائے بصورت دیگرانہیں فوری طورپر رہاکیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران اور نگران پنجاب حکومت پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے پارٹی کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 100سے زائد جھوٹی اور من گھڑت ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جس کا عمران خان قانونی طریقے سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پنجاب حکومت نے پورے صوبے میں کریک ڈاون کرتے ہوئے 1600سے زائد پی ٹی آئی کے قائدین اورکارکنوں کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا اورچادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے کارکنوں کے گھروں میں پولیس گھسی جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائدین اورکارکنوں کوجھوٹے مقدمات اور اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرایا اوردھمکایا نہیں جاسکتا سابق وزیراعظم عمران خان عوام کو حقیقی آزادی دلانے کیلئے میدان میں نکلے ہیں اور انشاء اللہ عوام کو حقیقی آزادی دلاکرہی دم لیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات