Live Updates

لاہور جلسہ عمران خان کے حق میں عوامی ریفرینڈم تھا، پرویز الہی

مینار پاکستان جلسہ دیکھ کر مخالفین کی آنکھیں کھل گئی ہوں گی، رہنما پی ٹی آئی چوہدری پرویز الہی کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 26 مارچ 2023 21:16

لاہور جلسہ عمران خان کے حق میں عوامی ریفرینڈم تھا، پرویز الہی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 مارچ 2023ء ) رہنما پی ٹی آئی اور سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لاہور جلسہ عمران خان کے حق میں عوامی ریفرینڈم تھا۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان جلسہ دیکھ کر مخالفین کی آنکھیں کھل گئی ہوں گی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ شہبازشریف سن لیں، الیکشن سے راہ فرار ممکن نہیں۔ چودھری پرویز الٰہی کاکہناتھا کہ عمران خان اس وقت پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں ،لاہور کے جلسے سے مخالفین کی اچھی طرح آنکھیں کھل گئی ہوں گی ۔

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انتخابی تیاریاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خا ن نے انتخابی امور کے لئے پارٹی الیکشن سیل قائم کرنے کا اعلان کیا ہے،ہمایوں اختر پی ٹی آئی الیکشن سیل کے فوکل پرسن ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ الیکشن سیل بھرپور اندازسے انتخابی امور سے پارٹی قیادت اورامیدواروں کو آگاہ رکھے گا، آئین کے مطابق انتخابات ہوکررہیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکمرانوں کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے ،انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کے خلاف آئینی ،قانونی اورسیاسی محاذ پر جدوجہد کریں گے۔ اعجاز چودھری ، ریاض فتیانہ اوررائے عزیز اللہ الیکشن سیل کے ممبر نامزد ہوئے ہیں، پارٹی الیکشن سیل انتخابات کے حوالے سے تکنیکی امور دیکھےگا اور ووٹر لسٹوں، بلاک کوڈ اوردیگر تکنیکی معاملات پر امیدواروں کی معاونت کرے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات