قطر میں عمارت گرنے سے 3 پاکستانی مزدور جاں بحق

حادثے میں انتقال کرنے والے پاکستانیوں کا تعلق پنجاب کے شہر چکوال کے گاؤں ڈھاب خوشحال اور ڈھاب لوہاراں سے ہے

Sajid Ali ساجد علی پیر 27 مارچ 2023 16:30

قطر میں عمارت گرنے سے 3 پاکستانی مزدور جاں بحق
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 مارچ 2023ء ) قطر میں رہائشی عمارت گرنے سے 3 پاکستانی مزدور جاں بحق ہوگئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایک المناک واقعے میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں تین پاکستانی مزدور زیرِ دیکھ بھال کی عمارت گرنے سے اس وقت ہلاک ہو گئے جب وہ اندر سو رہے تھے، قطر کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ یہ حادثہ دوحہ کے بن درہم کے پڑوس میں پیش آیا جہاں 7 منزلہ عمارت گرگئی اور اس کے کچھ حصے اوپر گرنے سے اس کے ساتھ والی ایک اور تین منزلہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔

معلوم ہوا ہے کہ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں میں جمال مظہر، محمد عظیم اور ذیشان حفیظ شامل ہیں، جن کا تعلق پنجاب کے شہر چکوال کے گاؤں ڈھاب خوشحال اور ڈھاب لوہاراں سے ہے جب کہ 7 منزلہ عمارت میں متعدد پاکستانی، مصری اور فلپائنی باشندے رہائش پذیر تھے، جس کے گرنے کی ممکنہ وجہ سے متعلق مزید تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بیرون ملک پیش آیا یہ پہلا ایسا واقعہ نہیں ہے جس میں پاکستانی تارکین وطن جاں بحق ہوئے ہوں، چند دن پہلے کشتی کے ذریعے دوسرے ملک جانے کی کوشش کے دوران ڈوب کر کئی پاکستان موت کے نہ میں چلے گئے تھے، یہ افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب اس ماہ کے شروع میں لیبیا کے شہر بن غازی کے قریب ایک مہلک کشتی حادثہ ہوا، جس میں 3 پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے۔

اسی طرح گزشتہ ماہ تارکین وطن کو لے جانے والی ایک اور چھوٹی کشتی جنوبی اطالوی ساحل پر چٹانوں سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانیوں سمیت 58 کے قریب افراد جاں بحق ہو گئے تھے، یہ کشتی افغانستان، پاکستان، ایران اور دیگر ممالک کے تارکین وطن کو لے کر ترکی سے روانہ ہوئی تھی، تاہم یہ طوفانی موسم کی وجہ سے کلابریا کے مشرقی ساحل پر ڈوب گئی۔