ملک کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش ،ژالہ باری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

پیر 27 مارچ 2023 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2023ء) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات نے (کل)28مارچ سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں مغربی ہوائیں کل سے داخل ہوں گی اور یہ ہوائیں31مارچ تک اپنا اثر دکھائیں گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ 29اور 30مارچ کو جنوبی پنجاب اور سندھ میں بارشیں متوقع ہیں، اور اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، باجوڑ، کرم، وزیرستان اور کوہاٹ میں بادل برسیں گے، جب کہ اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور پنجاب میں چند مقامات پر درمیانی وچند پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز ہواں اور ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں کو نقصان جبکہ موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اور اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔