سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویرالیاس کی سزا کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

بدھ 12 اپریل 2023 20:49

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویرالیاس کی سزا کیخلاف اپیل سماعت کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2023ء) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی سزا کے خلاف اپیل (کل) جمعرات کو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔آزاد کشمیر سپریم کورٹ کا فل بینچ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی درخواست کی سماعت کرے گا۔آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے گزشتہ روز سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت پر سزا سٴْنا کر نااہل کیا تھا جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

آزادکشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے سردار تنویر الیاس کے وکلا پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اس اپیل میں سابق وزیراعظم کو موجودہ وزیراعظم کیوں لکھا جب آپ کو رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہہ دیا تھا تو بات کیوں نہیں مانی گئی۔

(جاری ہے)

وکیل سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ جناب عالی اس لفظ کو سابق وزیر اعظم ہی تصور کیا جائے۔چیف جسٹس راجہ سعید نے کہا کہ ہم کیسے اسے سابق پڑھیں، آپ سینئر وکیل ہیں، یہ سپریم کورٹ ہے کوئی مذاق نہیں، جب تک سپریم کورٹ کی طرف سے کوئی ایکشن نہیں ہوتا، ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رہیگا وہ سابق وزیر اعظم ہی تصور ہوں گے، نئی اپیل دوبارہ جمع کرائیں دیکھیں گے اسے کب قبول کرنا ہے۔بعد ازاں سردار تنویر الیاس کے وکلا کی جانب سے نئی درخواست دائر کی گئی جسے سپریم کورٹ نے کل سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔